بنوں : خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے سردی خیل منڈی میں سکیورٹی فورسز اور فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں اہم کمانڈر کا بیٹا اپنے ایک ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا ہے۔
کارروائی اور ہلاکتوں کی تفصیلات
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے سردی خیل منڈی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی۔
اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں فتنۃ الخوارج کے اہم کمانڈر اختر محمد کا بیٹا موسیٰ عرف آریانہ اور اس کا ساتھی زوہیب ولد خالد (ساکن جانی خیل) ہلاک ہو گئے۔
دشت گردوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں
بنوں سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر حصوں میں دہشت گرد عناصر اور ان کے نیٹ ورکس کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کا بنیادی مقصد عوام کے جان و مال کو لاحق خطرات کا مستقل خاتمہ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبرپختونخوا، ڈی آئی خان میں جدید ایس او ایس الرٹ سسٹم اور وانا میں ریکارڈ صفائی مہم جاری
سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے ہر علاقے میں مشتبہ افراد کا تعاقب کر رہی ہیں، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے اور امن و امان کی بحالی کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ بھی مسلسل جاری ہے۔





