بہتر مستقبل اور روزگار کی تلاش میں بیرونِ ملک جانے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کو جعلی ایجنٹوں اور آن لائن نوسربازوں کے چنگل سے بچانے کے لیے بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے ایک ہنگامی آگاہی مہم کے تحت اہم انتباہی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سرکاری ادارے نے ان 4 خفیہ علامات سے پردہ اٹھایا ہے جن کے ذریعے فراڈ کرنے والے عناصر سادہ لوح افراد کی محنت کی کمائی اور قیمتی دستاویزات ہتھیاتے ہیں۔
بیورو آف ایمیگریشن کی اس خصوصی رپورٹ کے مطابق بیرونِ ملک ملازمت کا خواب دیکھنے والے ہر فرد کو رقم یا پاسپورٹ کسی کے حوالے کرنے سے پہلے درج ذیل چار نکات پر لازمی غور کرنا چاہیے:
اگر کسی ایسے کام کے لیے مارکیٹ کے معیار سے کئی گنا زیادہ تنخواہ، پرتعیش مراعات اور فوری بھرتی کی پیشکش کی جائے جس کے لیے نہ کسی خاص مہارت کی ضرورت ہو اور نہ ہی طویل تجربے کی، تو سمجھ جائیں کہ دال میں کچھ کالا ہے۔
ایسے مواقع پر فوری طور پر سوال اٹھائیں کہ کام کی اصل نوعیت کیا ہے، اس کے لیے کیا قابلیت درکار ہے اور غیر معمولی معاوضہ دینے کے پیچھے کیا محرکات ہیں؟
موجودہ دور میں فراڈ کا ایک عام طریقہ یہ ہے کہ آپ نے کسی کمپنی کو نہ تو اپنی سی وی بھیجی ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی انٹرویو دیا ہوتا ہے اس کے باوجود اچانک فون کال، واٹس ایپ پیغام یا سوشل میڈیا کے ذریعے بیرونِ ملک ملازمت کی خوشخبری سنا دی جاتی ہے۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ایسی بن مانگی پیشکشوں پر یقین کرنے کے بجائے متعلقہ کمپنی اور رابطہ کرنے والے شخص کے پس منظر کی آزادانہ ذرائع سے چھان بین کی جائے۔
آن لائن دھوکہ باز اکثر انتہائی خوبصورت ویب سائٹس اور پرکشش لوگو تیار کر کے خود کو بڑی ملٹی نیشنل کمپنی ظاہر کرتے ہیں۔
تاہم اگر ویب سائٹ پر دفتر کا کوئی قابلِ تصدیق پتہ، ذمہ دار افسران کی معلومات اور کاروبار کی واضح تفصیلات درج نہ ہوں تو محتاط ہو جائیں۔
تصدیق کے لیے کبھی بھی آفر بھیجنے والے کے دیے گئے نمبروں پر انحصار نہ کریں بلکہ خود انٹرنیٹ یا سرکاری ذرائع سے کمپنی کے اصل رابطہ نمبرز تلاش کر کے معلومات حاصل کریں۔
اگر کوئی ایجنٹ یا ادارہ واضح قانونی جواز بتائے بغیر آپ کا اصل پاسپورٹ جمع کرنے پر اصرار کرے، اس کی باقاعدہ رسید نہ دے یا واپسی میں ٹال مٹول سے کام لے تو یہ خطرے کی گھنٹی ہے۔
کسی ناگزیر قانونی مرحلے کے لیے پاسپورٹ جمع کرانا ضروری ہو بھی تو پہلے متعلقہ ادارے کی ساکھ کی تصدیق کریں اور ایسی رسید ضرور لیں جس پر پاسپورٹ نمبر، وصولی کی تاریخ، مقصد، دستخط اور باضابطہ مہر ثبت ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان میں سے کسی ایک علامت کا پایا جانا حتمی طور پر فراڈ کا ثبوت نہیں ہو سکتا مگر یہ اتنی بڑی وارننگ ضرور ہے کہ شہری مکمل تسلی کیے بغیر اپنا قدم روک لیں۔
رپورٹ میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جذباتی فیصلوں کے بجائے عقل و دانش سے کام لیں اور درج ذیل حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں:
لائسنس کی جانچ:
اگر ملازمت کسی ریکروٹنگ ایجنسی کے ذریعے مل رہی ہو تو سرکاری ریکارڈ سے اس کے لائسنس اور متعلقہ نوکری کے اجازت نامے کی تصدیق لازمی کریں۔
تحریری معاہدہ:
آجر (کمپنی)، ملک، کام کی نوعیت، تنخواہ، ڈیوٹی کے اوقات اور دیگر مراعات کی تمام تفصیلات زبانی کلامی سننے کے بجائے تحریری شکل میں طلب کریں۔
عجلت اور دباؤ سے بچاؤ: ”ابھی رقم جمع کرائیں ورنہ موقع ہاتھ سے نکل جائے گا“ جیسے نفسیاتی دباؤ میں آ کر ہرگز ادائیگی نہ کریں۔ ہر لین دین کی باقاعدہ رسید حاصل کریں اور اپنا بینک پن، پاس ورڈ یا او ٹی پی (OTP) کسی اجنبی کو نہ بتائیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد اورخیبرپختونخوا میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے
ثبوت محفوظ رکھیں: کسی بھی مشکوک پیشکش کے اشتہارات، چیٹ اسکرین شاٹس، فون نمبرز اور بینک ٹرانزیکشن کے ثبوت سنبھال کر رکھیں تاکہ بروقت متعلقہ اداروں کو کارروائی کے لیے شکایت کی جا سکے۔
خاندان کی شمولیت اور ایجنٹوں کی ذمہ داری: گھر والے بھی پیسوں کا انتظام کرنے سے پہلے آفر کی سچائی پرکھنے میں اپنا کردار ادا کریں، جبکہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز پر بھی لازم ہے کہ وہ غیر مصدقہ جاب آفرز کو آگے پھیلانے سے گریز کریں۔





