اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے آسمان تلے نکل آئے۔

پاکستان محکمہ موسمیات (PMD) کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا یہ سلسلہ 16 نومبر 2026ء کو رات 2 بج کر 37 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔

زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 194 کلومیٹر تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کا کوہِ ہندوکش کا علاقہ تھا جس کا جغرافیائی محل وقوع 36.48 ڈگری شمالی عرض بلد اور 70.98 ڈگری مشرقی طول بلد بنتا ہے۔

زلزلے کے یہ جھٹکے اسلام آباد، پشاور، سوات اور مالاکنڈ سمیت گردونواح کے علاقوں میں واضح طور پر محسوس کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے !

واضح رہے کہ اس سے قبل رات کے وقت بھی مذکورہ بالا علاقوں میں ہلکے و شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جن کا مرکز بھی کوہِ ہندوکش ہی تھا۔

فوری طور پر موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے ان جھٹکوں سے کسی بھی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

Scroll to Top