وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان کے بعد کہ 27ویں آئینی ترمیم جبری اکثریت سے کی گئی خود ان کی اپنی نااہلی کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
جبکہ تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر عمیر نیازی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اس طرح کے بیانات دے کر ماضی کے فیصلوں کی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بلاول بھٹو کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ اگر کسی جماعت کا سربراہ یہ اعتراف کرے کہ اس نے دباؤ میں آ کر آئینی ترمیم پر ووٹ دیا ہے تو آئینی و قانونی طور پر اس بیان سے ان کی نااہلی بھی ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری خود 27ویں ترمیم کے تحت تشکیل پانے والے جوڈیشل کمیشن کے بینیفشری (مستفید ہونے والے) ہیں اور اس کمیشن کے رکن بھی ہیں۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق بلاول بھٹو نے یہ باتیں سندھ کی تقسیم سے متعلق ہونے والی بحث پر ناراضی کے باعث کی ہیں کیونکہ وہاں پیپلز پارٹی کے لیے سیاسی مسئلہ پیدا ہوتا ہے اور ان کے تحفظات شروع سے موجود ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کی بحث ابھی نہ کابینہ میں ہوئی ہے اور نہ ہی پارلیمنٹ میں داخل ہوئی ہے۔
نئے صوبوں یا ریفرنڈم کا فیصلہ پارلیمنٹ نے ہی اتفاقِ رائے سے کرنا ہے، تاہم اگر ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے معلوم کر لی جائے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں تلخیاں ختم کر کے اتفاق سے چلنے کا فیصلہ ہوا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی مولانا فضل الرحمان کے خلاف تقریریں کر رہے ہیں اور صوبے کی تمام سیاسی قیادت سے ملنے کے باوجود ان سے نہیں ملے بلاول بھٹو کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
ان کے بقول بلاول بھٹو کی باتوں کا جواب دینے کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں جماعتیں آمنے سامنے آ گئی ہیں۔
پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر عمیر نیازی نے بھی بلاول بھٹو کے بیان پر سخت سوالات اٹھائے اور کہا کہ جب ایک بڑی جماعت کا سربراہ خود یہ بات کہہ رہا ہے تو پھر 27ویں ترمیم کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے؟
عمیر نیازی کا مزید کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق نظرثانی کی درخواست (ریویو پٹیشن) مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن نے مل کر دائر کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی کامیاب معاشی سفارت کاری:سعودی کمپنی کے ساتھ 30 ارب ڈالر کا تاریخی گیس پائپ لائن معاہدہ طے!
بلاول بھٹو زرداری نے پورے نظام کی خرابی کی بات کرتے ہوئے اس امر کا اعتراف کیا کہ جو کچھ کیا گیا وہ غلط تھا لیکن محض یہ بیان دے دینے سے پیپلز پارٹی ان فیصلوں کی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو جاتی البتہ ان کے اس بیان نے اس عمل میں شریک تمام فریقین کو بے نقاب ضرور کر دیا ہے۔





