پاکستان کی کامیاب معاشی سفارت کاری:سعودی کمپنی کے ساتھ 30 ارب ڈالر کا تاریخی گیس پائپ لائن معاہدہ طے!

پاکستان کی مؤثر اور کامیاب معاشی سفارت کاری نے ایک بار پھر عالمی برادری اور بڑے سرمایہ کاروں کی توجہ اسلام آباد کی جانب مبذول کرا لی ہے۔ 

خطے میں استحکام، معاشی بحالی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قائم اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC)کی بھرپور کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان اور سعودی عرب کی معروف کمپنی ’ڈیلٹا انرجی‘ کے درمیان 30 ارب ڈالرتک کی خطیر سرمایہ کاری کے گیس پائپ لائن منصوبے کے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر باضابطہ دستخط ہو گئے ہیں۔

عالمی مبصرین اس پیش رفت کو پاکستان کی خارجہ اور معاشی پالیسیوں کی ایک بڑی فتح قرار دے رہے ہیں جس نے ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کے بڑے سرمایہ کار پاکستان کو محفوظ اور منافع بخش منڈی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

ایس آئی ایف سی کی سرپرستی میں منعقد ہونے والی اس تاریخی تقریب میں ایس آئی ایف سی، پیٹرولیم ڈویژن، سرکاری ادارے انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز (ISGS) اور ڈیلٹا انرجی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔

ایس آئی ایف سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کو وسطی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور عالمی منڈیوں کے درمیان توانائی کا ایک اہم پل بنا دے گا:

مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی:
معاہدے کے تحت ترکمانستان سے پاکستان کے راستے گوادر تک گیس پائپ لائن بچھانے کی تکنیکی اور معاشی فزیبلٹی کا مشترکہ جائزہ لیا جائے گا۔

30 ارب ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری اور روٹ:
25 سے 30 ارب ڈالر کی لاگت کے اس میگا پراجیکٹ کے تحت گیس پائپ لائن ترکمانستان سے شروع ہو کر افغانستان کے راستے چمن کے قریب پاکستان میں داخل ہوگی اور سیدھی گوادرتک پہنچے گی۔

گوادر عالمی ایل این جی حب بنے گا:
اس منصوبے کے تحت گوادر میں ایک جدید ترین ایل این جی (LNG) ٹرمینل قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے، جبکہ ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے بعد اگلے مرحلے میں اس نیٹ ورک کو دیگر مقامات اور عالمی منڈیوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں اہم بیٹھک: سرکاری معلومات کی بروقت ترسیل اور میڈیا کوآرڈینیشن کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ

پاکستان کی قیادت اور ایس آئی ایف سی کے وژن کی بدولت طے پانے والا یہ معاہدہ نہ صرف ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا بلکہ گوادر بندرگاہ کی عالمی اہمیت کو دوچند کرتے ہوئے پاکستان کو خطے کا معاشی حب بنانے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہے۔

Scroll to Top