اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سسٹم ری سیٹ کرنے اور موجودہ سیاسی نظام پر تنقید کرنے کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر پارلیمان میں بحث ضرور ہوگی، تاہم کسی بھی نظام کو اس وقت تک تبدیل یا ری سیٹ نہیں کیا جا سکتا جب تک اسے عوامی تائید حاصل نہ ہو۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک تفصیلی بیان میں بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا اور پارلیمان کے ساتھ ساتھ عوامی رائے بھی لازمی طور پر معلوم کی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کا احتساب کوئی نئی بات نہیں ہے اور نہ ہی کوئی سیاست دان احتساب سے بالاتر ہے۔
بلاول صاحب آپ نے سسٹم ری سیٹ کی بات کی لیکن کوئی سسٹم اس وقت تک ری سیٹ نہیں ہو سکتا جب تک اُسے عوامی تائید حاصل نہ ھو/اگر آپ system collapse کی بات کر رہے ہیں تو ہم سب کا اس سسٹم سے منسلک ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داریوں کا احاطہ بھی ضروری ہے۔ اس ملک میں سیاست دانوں کا احتساب نہ تو کوئی نئی بات ہے اور نہ کوئی سیاستدان احتساب سے مبرا ہے۔ آپکی پریس کانفرنس یقیناً بہت دھواں دار تھی اور موجودہ حکومت اور نظام پر تنقید پر مرکوز رہی لیکن احترام کے ساتھ یہ کہوں گا کہ ہم سیاسی لوگوں کو عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو چور دروازہ نہیں کہنا چاہیے۔ ہم سیاستدانوں کی اساس عوامی راۓ ہے۔ عوامی استصوابِ رائے کے ساتھ پارلیمان کے اندر بحث مباحثے پر کوئی قدغن نہیں۔ یقیناً “System Reset” کے معاملے پر پارلیمان میں بحث ضرور ہوگی لیکن اس کے ساتھ عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔پارلیمنٹ کے ساتھ اگر عوام کی راۓ کوبھی جان لیا جاۓ تو میرے خیال legitimacy کی معراج ھو گی
۔بلاول صاحب آپکے پاس سندھ کی حکومت
18سال سے ھے۔ سندھ جنت بن گیا ھے۔ کراچی شہر کی حالت پہ دنیا رشک کرتی ھے۔ plmn کے آپ 2022سے کاروبار حکومت میں پارٹنر ھیں۔ نفع آپکا اور نقصان plmn کا یا پاکستان کا ۔
He who claims equity must come with clean hands.
یہ صدیوں پرانا equity کا maxim ھے. کیا آپ کے ھاتھ صاف ھیں۔ کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ھیں۔
ھمارا مقصد صرف ایک ھے – پاکستان کے عوام کے دن بدلیں عام آدمی عزت کی زندگی گزارے۔ حکمرانی میں عوام کی شراکت کو حقیقت بنائیں حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ھے کسی کی میراث نہیں ، عوام کے حقوق آئین کی کتاب تک مجدود نہ رکھیں۔پاکستان کی تاریخ میں سفارتی محاذ اور جنگ کے محاذ پر عزت اور تکریم اللہ کی مہربانی سے کس دور میں ملی اور کس دور میں وطن کا نام روشن ھوا۔ ان دو محاذوں پہ فتح کے بعد اب حکمرانی گلی محلے کی سطح پہ منتقل کرنے کی جنگ ھے جسمیں عوام کی راۓ اور پارلیمنٹ کا رول عین جمہوری اور آئینی ھے۔ حکمرانی کسی کی اجارہ داری نہیں،25کروڑ عوام کو یہ حق اللہ نے عطا کیا ھے۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 18, 2026
خواجہ آصف نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس کو دھواں دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں موجودہ حکومت اور نظام کو نشانہ بنایا گیا، لیکن سیاست دانوں کو عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو چور دروازہ قرار نہیں دینا چاہیے کیونکہ سیاست دانوں کی اصل بنیاد عوامی رائے ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ عوامی ریفرنڈم اور پارلیمان کے اندر بحث و مباحثے پر کوئی قدغن نہیں ہونی چاہیے، اور اگر پارلیمان کے ساتھ عوامی رائے بھی معلوم کرلی جائے تو اس عمل کو بھرپور جمہوری جواز حاصل ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : تین دہائیوں کی لوٹ مار نے سندھ کو کھنڈر بنا دیا، ہسپتال تباہ، سڑکیں غائب اور پیپلز پارٹی کے رہنما وڈیروں کی طرح قابض، شہریوں کا سخت ردعمل
وزیر دفاع نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر کڑے سوالات اٹھاتے ہوئے بلاول بھٹو کو آڑے ہاتھوں لیا اور طنز کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گزشتہ 18 برس سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور بظاہر سندھ جنت بن چکا ہے، جبکہ کراچی کی حالت بھی ایسی ہے کہ دنیا اس پر رشک کرتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پیپلز پارٹی کی شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو 2022 سے حکومتی معاملات میں برابر کے شریک ہیں، لیکن اس شراکت کا المیہ یہ ہے کہ اس کا فائدہ ہمیشہ پیپلز پارٹی کو ملتا ہے جبکہ اس کا نقصان مسلم لیگ (ن) یا پاکستان کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔
ایک معروف قانونی اصول کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر دفاع نے دوٹوک انداز میں سوال اٹھایا کہ جو شخص انصاف اور مساوات کا دعویٰ کرتا ہے، اس کے اپنے ہاتھ بھی صاف ہونے چاہییں؛ لہٰذا کیا بلاول بھٹو کے ہاتھ صاف ہیں اور کیا انہیں دوسروں کو لیکچر دینے یا دھمکیاں دینے کا حق حاصل ہے؟
خواجہ آصف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کا بنیادی مقصد پاکستان کے عوام کے حالات بہتر بنانا، عام آدمی کو عزت کی زندگی فراہم کرنا اور حکمرانی میں عوام کی شراکت کو عملی شکل دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : باپ کو تاحیات استثنیٰ کے مزے دلوانے کے بعد اسی ترمیم کو “جبری” کہنا، بلاول بھٹو کا دوہرا معیار ان کی سیاسی پستی کا منہ بولتا ثبوت
حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ہوتی ہے، کسی کی میراث نہیں، اور عوام کے حقوق کو صرف آئین کی کتاب تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سفارتی اور دفاعی محاذوں پر ملک کو عزت اور تکریم حاصل ہوئی ہے، اور اب حکمرانی کو گلی محلوں کی سطح تک منتقل کرنے کی جدوجہد جاری ہے جس میں عوامی رائے اور پارلیمان کا کردار مکمل طور پر جمہوری اور آئینی ہے۔
انہوں نے اپنے مؤقف کے آخر میں واضح کیا کہ حکمرانی کسی کی اجارہ داری نہیں بلکہ ملک کے 25 کروڑ عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ معاملات میں اپنی رائے اور فیصلہ سازی کے عمل میں بھرپور طور پر شریک ہوں۔





