اسلام آباد : سندھ میں پیپلز پارٹی کی لگاتار تین دہائیوں اور طویل برسوں پر محیط مسلط حکمرانی کے باوجود صوبے کی ابتر حالت، بنیادی سہولیات کے فقدان اور عوام کی دگرگوں زندگی نے حکومتی دعوؤں کا پول کھول دیا ہے۔
مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے شہریوں، عوامی حلقوں اور مبصرین نے پیپلز پارٹی کی پالیسیوں اور اس کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دوہرے معیار پر کڑے وار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔
کرک اور ملتان سمیت ملک کے مختلف حصوں کے شہریوں کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ سندھ میں طویل عرصہ اقتدار میں رہنے کے باوجود ترقیاتی کاموں کا حال سب کے سامنے ہے، جہاں ہسپتالوں کی حالت زار، عوام کا بدحال معیارِ زندگی اور تباہ حال سڑکیں دنیا کے آٹھویں عجوبے کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
شہریوں کا شکوہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سندھ میں محض وڈیرے بن کر بیٹھے ہیں، جبکہ عام عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ عوام کا صاف کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اب حکومت چلانے کی صلاحیت مکمل طور پر کھو چکی ہے۔
کراچی کے شہریوں نے بھی پیپلز پارٹی کی ناقص گورننس پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ لیاقت آباد جیسے تاریخی اور اہم علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی کا دل کہلانے والے علاقے آج کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکے ہیں، گلیاں گندگی سے بھری ہیں اور جگہ جگہ ٹوٹی ہوئی سڑکیں حادثات کا سبب بن رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : باپ کو تاحیات استثنیٰ کے مزے دلوانے کے بعد اسی ترمیم کو “جبری” کہنا، بلاول بھٹو کا دوہرا معیار ان کی سیاسی پستی کا منہ بولتا ثبوت
ایک شہری نے اپنے ہولناک تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ خدا کا شکر ہے کہ وہ سڑک پر گرنے والے حادثے میں معجزانہ طور پر بچ گئے، لیکن سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت نے کراچی کے شہریوں کا جینا محال کر رکھا ہے۔
عوام کا واضح مؤقف ہے کہ اس تباہی اور مسائل کے حل کا اب واحد اور حتمی راستہ نئے انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کا قیام ہے۔
دوسری جانب عوام کی جانب سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے متضاد بیانات پر بھی شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ ماضی میں بلاول بھٹو کا یہ بیان ریکارڈ پر ہے کہ پاکستان کے عوام اس وقت قیدی 804 کے ساتھ نہیں کھڑے، مگر اب ان کا یہ کہنا کہ عمران خان کی جماعت کا نام لینا سیکھو، آپ تسلیم کرو یا نہ کرو وہ ایک سیاسی حقیقت ہیں، بلاول بھٹو کے مکار اور مفاد پرست سیاسی کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ ذاتی سیاسی مفادات، اقتدار کی رسہ کشی اور حالات کی مجبوری کے تحت بیانات بدلنا بلاول بھٹو کا پرانا شیوہ بن چکا ہے، جو ان کی غیر مستحکم اور دوہری سیاست کو عیاں کرتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایک طرف سندھ کے عوام بنیادی روٹی، پانی، صحت اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات سے محروم سسک رہے ہیں، تو دوسری طرف پیپلز پارٹی پنجاب میں نئے صوبوں کے نام پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرتی ہے مگر اپنے صوبے میں انتظامی یونٹس کے قیام کے نام سے گھبراتی ہے۔
صوبے کی تباہ حالی، کرپشن، ٹوٹی سڑکوں اور بگڑتے حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے بلاول بھٹو کے یہ تضاد سے بھرپور بیانات اب عوام میں مزید نہیں چل سکتے، اور غیور عوام اس نوابی و وڈیرہ شاہی نظام سے بیزار ہو چکے ہیں۔





