لاہور:پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے راج اور حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے ایم 4 (M-4) کو فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں اور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے پر ابتدائی طور پر موٹروے ایم 4 کو عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک صرف ہیوی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا، تاہم دھند کی شدت میں غیر معمولی اضافے کے پیشِ نظر فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر روک دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شاہراہوں کی بندش کا بنیادی مقصد مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتہائی ناگزیر صورتِ حال میں صرف دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں۔
یہ بھئی پڑھیں : بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تربت آمد، کٹھن محاذوں پر ڈٹے جوانوں کے غیر متزلزل عزم کو سراہا
ترجمان نے ڈرائیوروں کے لیے سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھند کے موسم میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سفر کرنا زیادہ محفوظ اور موزوں ہے۔
ڈرائیور حضرات دورانِ سفر گاڑی کی رفتار انتہائی کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے مکمل اجتناب برتیں۔
موٹروے پولیس نے مزید ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے جبکہ ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز کو درست حالت میں رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔





