شہزاد نوید
اپر سوات کی تحصیل خوازہ خیلہ میں 13 سالہ بچی کی 45 سالہ شخص سے زبردستی شادی کروانے کے الزام میں پولیس نے بچی کے والد اور شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچی نے خود تھانے میں پیش ہو کر بیان دیا کہ اس کے والد نے تقریباً تین ماہ قبل اس کی شادی زبردستی کروا دی تھی۔ بچی نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ ملزم اسے تشدد کا نشانہ بناتا ہے اور اس کے ساتھ زبردستی کی جاتی رہی ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ملزم پہلے سے شادی شدہ اور صاحبِ اولاد ہے، جبکہ انکار یا مزاحمت کرنے پر شوہر اور والد کی جانب سے اسے اور اس کی والدہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی تھیں۔
پولیس نے بچی کے بیان پر چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 1929 کی دفعہ 4، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ 2010 کی دفعات 37 اور 53، اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 506-ii کے تحت مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نئے صوبوں کا قیام عوامی مرضی سے مشروط:وفاقی وزیراعظم عبدالعلیم خان نے کراچی کو الگ صوبہ بنانے کی حمایت کردی
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے اور واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔





