وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری: حکومت نے گریڈ ایک سے بائیس تک ملازمین کی رہائشی سہولت بڑھا دی!

وفاقی حکومت نے گریڈ 1 سے 22 تک کے سرکاری ملازمین کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ان کی نجی رہائش کی ہائرنگ سہولت کا دائرہ کار وسیع کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت ملک کے چھ بڑے شہروں کے بعد اب گلگت بلتستان اور مظفرآباد کو بھی نئی بھرتیوں اور رہائشی سہولت کے لیے باضابطہ طور پر مخصوص اسٹیشنز قرار دے دیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کو رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے نظام کو مزید آسان اور غیر مرکزی (ڈی سینٹرلائز) بنانے کی پالیسی کے تحت یہ اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اس فیصلے کے نتیجے میں دور دراز علاقوں میں فرائض انجام دینے والے وفاقی ملازمین کی رہائش سے متعلق دیرینہ مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس سے قبل وفاقی ملازمین کے لیے نجی رہائش کی ہائرنگ کی یہ سہولت ملک کے صرف چھ بڑے شہروں تک محدود تھی، تاہم نئی پالیسی کے تحت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور کے ساتھ ساتھ اب گلگت بلتستان اور مظفرآباد کو بھی نئی بھرتیوں کے لیے مخصوص اسٹیشنوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔

حکومتی فیصلے کی رو سے وفاقی محکموں کے گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام اہل ملازمین کو نجی رہائش کی ہائرنگ سہولت میں اس توسیع کا براہِ راست فائدہ پہنچے گا جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں تعینات وفاقی ملازمین کو باضابطہ مخصوص اسٹیشن قرار دیے جانے کے بعد رہائشی الاؤنس اور ہائرنگ کی مد میں بڑا ریلیف میسر آ سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کی ایک اور کامیابی: سوات پبلک لائبریری میں ڈیجیٹل لائبریری مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح، مشیر تعلیم نے اپنا فارم پُر کر کے پہلی رکنیت حاصل کی!

دوسری جانب وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے اس اہم فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ وفاقی وزارتوں اور محکموں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ اپنے ماتحت عملے اور متعلقہ شعبوں کو اس نئی سہولت اور پالیسی تبدیلی سے باضابطہ طور پر آگاہ کریں۔

Scroll to Top