ایران کے ساتھ جاری عسکری تنازع امریکی معیشت اور دفاعی بجٹ پر انتہائی بھاری ثابت ہو رہا ہے جہاں پینٹاگون کے ایک اعلیٰ نامزد عہدیدار نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ فروری میں جھڑپوں کے آغاز سے اب تک اس فوجی مہم پر تقریباً 48.3 ارب ڈالر لاگت آ چکی ہے ۔
اس بھاری رقم میں ایرانی حملوں سے تباہ ہونے والے امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کی مرمت پر اٹھنے والے ممکنہ اربوں ڈالر کے اخراجات شامل ہی نہیں ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کی جانب سے پیش کیے گئے تازہ ترین مالیاتی تخمینوں نے واشنگٹن کے ایوانوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی بحریہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری برائے مالیاتی انتظام اور کنٹرولر کے عہدے کے لیے نامزد کردہ آرتھر ملر نے سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں اپنی توثیقی سماعت کے دوران قانون سازوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 13 نومبر تک کے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں پر 48.3 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں۔
کمیٹی کے ارکان کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے آرتھر ملر نے واضح کیا کہ اس رقم میں استعمال ہونے والے گولہ بارود، تباہ یا ناکارہ ہونے والے فوجی سازوسامان کی تبدیلی اور جاری آپریشنل اخراجات شامل ہیں۔
تاہم انہوں نے کھلے الفاظ میں تسلیم کیا کہ اس تخمینے میں مشرق وسطیٰ میں موجود ان امریکی فوجی تنصیبات اور اڈوں کی تعمیرِ نو اور مرمت کے اخراجات کو شمار نہیں کیا گیا جو ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی زد میں آ کر تباہ یا شدید متاثر ہوئے تھے۔
سماعت کے دوران امریکی ریاست کنیکٹیکٹ سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر رچرڈ بلومینتھل نے اس معاملے پر سخت سوالات اٹھائے جن کے جواب میں آرتھر ملر نے اعتراف کیا کہ مرمتی اخراجات اس فہرست کا حصہ نہیں ہیں اور فی الحال ان کے پاس ان اضافی اخراجات کا کوئی باقاعدہ تخمینہ بھی موجود نہیں ہے۔
مکمل مالیاتی تصویر سامنے نہ آنے پر سینیٹر بلومینتھل نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نامزد عہدیدار پر زور دیا کہ وہ تمام پوشیدہ اور اضافی مالیاتی تفصیلات فوری طور پر کمیٹی کو فراہم کریں۔
انہوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ جب تک پینٹاگون کی جانب سے یہ مطلوبہ معلومات فراہم نہیں کی جاتیں، اس وقت تک کمیٹی کو آرتھر ملر کی نامزدگی کی توثیق سے متعلق کارروائی ملتوی کر دینی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری: حکومت نے گریڈ ایک سے بائیس تک ملازمین کی رہائشی سہولت بڑھا دی!
دوسری جانب آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین اور مسیسیپی سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر راجر وِکر نے بھی معاملے کی سنگینی کے پیش نظر ملر کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ دفاع سے تباہ شدہ تنصیبات کی مرمت کے مکمل اعداد و شمار حاصل کر کے قانون سازوں کے ساتھ شیئر کریں جس پر آرتھر ملر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ کمیٹی کی یہ درخواست محکمہ دفاع کے اعلیٰ حکام تک پہنچا دیں گے۔





