دینی مدارس پوری امت مسلمہ کا مشترکہ اثاثہ ہیں، انہیں کسی سیاسی جماعت یا گروہ کی جاگیر نہیں بننے دیں گے، ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ

 ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے کہا ہے کہ دینی مدارس کی خودمختاری، غیر سیاسی حیثیت اور اجتماعی تشخص کے حوالے سے ہمارا مؤقف واضح اور دوٹوک ہے۔

دینی مدارس کی خودمختاری اور غیر سیاسی تشخص کے حوالے سے ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ اور جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے قاری مہر اللّٰہ نے کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہاکہ دینی مدارس پوری امت مسلمہ کا مشترکہ علمی، دینی اور روحانی اثاثہ ہیں، انہیں کسی فرد، خاندان، تنظیم یا سیاسی جماعت کی ملکیت نہیں سمجھا جا سکتا بلکہ وہ پوری امت مسلمہ کی امانت ہیں، اور دین اسلام کسی مخصوص گروہ، جماعت یا تنظیم کی اجارہ داری نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے قیام کا بنیادی مقصد قرآن و سنت کی تعلیم، دین اسلام کی ترویج اور اسلامی اقدار کا تحفظ ہے، جبکہ مدارس نئی نسل کی دینی، اخلاقی اور روحانی تربیت میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) ہو یا کوئی دوسری سیاسی جماعت، کسی کو دینی مدارس کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے کا حق حاصل نہیں، اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت کو مدارس کی نمائندگی اور ان کے معاملات پر اجارہ داری کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کو سیاسی جماعتوں کی طاقت اور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کی مخالفت کرتے ہیں، اور مدارس کو کسی سیاسی جماعت کے انتخابی، تنظیمی یا جماعتی مفادات کے تابع نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق، مدارس کے تقدس، علمی وقار اور غیر جانبدار تشخص کو برقرار رکھنا تمام علماء اور دینی حلقوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور مدارس کے تقدس کو سیاسی مفادات کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کو سیاسی مقاصد، جماعتی مفادات اور ذاتی ایجنڈوں کے لیے استعمال کرنا قابل قبول نہیں، اور دینی مدارس کا اصل مقصد علم کی روشنی پھیلانا اور معاشرے کی اصلاح کرنا ہے، سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنا نہیں۔

ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ کے مطابق، دینی مدارس کے پلیٹ فارم کو حکومت یا ریاستی اداروں کے خلاف سیاسی احتجاج کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا، اور مدارس کو کسی بھی فریق کے خلاف محاذ آرائی، اشتعال انگیزی اور تصادم کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کو سیاسی کشمکش میں دھکیلنے کے بجائے ان کی تعلیم اور تربیت پر توجہ دی جائے، جبکہ مدارس کا بنیادی کردار تعلیم، تربیت، اصلاح اور اتحاد امت کا فروغ ہے، اور دینی مدارس کے پلیٹ فارم سے سیاسی کشمکش اور طاقت کے اظہار کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ مدارس کی آزادی، خودمختاری اور غیر سیاسی تشخص کے تحفظ کے لیے ہے، جو ہماری بنیادی جدوجہد ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اکثریتی علماء کرام اور مدارس کے مہتمم حضرات ہمارے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں، اور بلوچستان کے مختلف علماء اور مدارس کے ذمہ داران سیاسی اجارہ داری کے خلاف ہمارے ساتھ رابطے کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے کہا کہ دینی مدارس کو حکومتی سرپرستی اور وسائل نہ ملنے کی ایک وجہ سیاسی جماعتوں کی اجارہ داری بھی ہے۔ ان کے مطابق، دینی مدارس کے غریب طلبہ کے نام پر سیاست کی جاتی ہے، مگر ان کے تعلیمی اور معاشی مستقبل پر توجہ نہیں دی جاتی، جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) سینیٹ اور دیگر انتخابی ٹکٹ ارب پتی افراد کو دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) سے اپیل ہے کہ مدارس کے طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے دیں اور انہیں سیاست کا ایندھن نہ بنائیں، اور مدارس کے غریب طلبہ کے نام پر سیاست کرنے کی بجائے ان کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے پر توجہ دی جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں اس وقت جمعیت علمائے اسلام (ف) سے وابستہ کوئی عالم دین موجود نہیں، اس لیے مدارس کے نام پر سیاسی نمائندگی کے دعووں کے بجائے دینی طلبہ کے حقیقی مسائل حل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کا کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ پاکستان سے تعلق ہے، اس لیے حکومت مدارس کی سرپرستی اور معاونت کرے، انہیں بھی قومی تعلیمی نظام کا اہم حصہ تسلیم کرتے ہوئے ان کی ترقی کے لیے اقدامات کرے اور مدارس کے طلبہ کا مستقبل بہتر بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔

ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے مطالبہ کیا کہ حکومت مدارس کو جدید عصری علوم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے، مدارس میں کمپیوٹر، جدید ٹیکنالوجی اور لیپ ٹاپ کی سہولیات فراہم کی جائیں اور طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کر کے دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مدارس کے اساتذہ کی تنخواہوں کا بوجھ برداشت کرے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بہتر انداز میں جاری رہ سکیں، اور دینی مدارس کے مالی مسائل حل کرنے اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے حکومتی معاونت ضروری ہے، جبکہ مدارس کے معاملات میں سیاسی مداخلت کے بجائے حکومتی سرپرستی اور تعلیمی معاونت کو ترجیح دی جائے۔

ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے کہا کہ تمام دینی وفاقوں اور مدارس کی خودمختاری اور اجتماعی حیثیت کا تحفظ ضروری ہے، اور مدارس کے معاملات میں کسی ایک جماعت کی اجارہ داری کے بجائے اجتماعی مشاورت کو فروغ دیا جائے۔

ان کے بقول، دینی مدارس کے مستقبل سے متعلق فیصلے تمام متعلقہ دینی حلقوں کی مشاورت سے کیے جائیں، معاملات میں اختلاف رائے کا احترام اور اجتماعی فیصلوں کو اہمیت دی جائے، اور دینی وفاقوں اور مدارس کے تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لے کر پالیسی مرتب کی جائے، جبکہ مدارس کی آزادی، وقار اور علمی تشخص کے تحفظ کے لیے تمام علماء کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا اور انہیں کسی سیاسی جماعت یا گروہ کی جاگیر نہیں بننے دیں گے۔

Scroll to Top