سینئر صحافی اور تجزیہ کار طارق وحید نے کہا ہے کہ اگر قومی احتساب بیورو (نیب) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی ہیں تو انہیں قانون کے تقاضوں کے مطابق تمام معلومات فراہم کرنی چاہئیں۔
طارق وحید کا کہنا تھا کہ نیب ایک آئینی و قانونی ادارہ ہے جو کسی بھی موصول ہونے والی شکایت یا ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر متعلقہ شخصیات سے پوچھ گچھ کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر جے یو آئی (ف) کے سربراہ کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے اور ان کے تمام مالی معاملات قانون کے دائرے میں ہیں تو انہیں احتساب بیورو کو مطلوبہ جواب جمع کرا کے پائے جانے والے شکوک و شبہات کا خاتمہ کرنا چاہیے۔
سینئر تجزیہ کار نے مزید کہا کہ نیب کی جانب سے طلب کی گئی تفصیلات کا جواب نہ دینے یا معاملے کو تاخیر کا شکار کرنے سے عوام اور سیاسی حلقوں میں مختلف سوالات جنم لیتے ہیں جس سے ابہام کو تقویت ملتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلاول زرداری اور فضل الرحمٰن نئے صوبوں کے مطالبے کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کیوں کر رہے ہیں؟ اختیارات کی مرکزیت اور خاندانی گرفت پر مزید سوالات اٹھ گئے
ان کے مطابق نیب کے بیشتر معاملات ابتدائی مرحلے میں ہی نمٹ جاتے ہیں بشرطیکہ متعلقہ شخصیت شفافیت کے ساتھ اپنے اثاثوں اور ذرائع آمدن کا مکمل حساب پیش کر دے۔





