اسلام آباد: ملکی سیاست میں بدلتے اتحادوں، پرانے بیانیوں اور انتظامی اصلاحات پر جاری بحث ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں خیبر پختونخوا عوام نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے ماضی کے بیانات، موجودہ سیاسی شراکت داری اور نئے صوبوں و گورننس کے معاملات پر اپنائے گئے مؤقف کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں دسمبر 1993 کی ایک پرانی دستاویز/تصویر کے حوالے سے یہ بحث دوبارہ تیز ہو گئی ہے جس میں عورت کی حکمرانی کو حرام قرار دینے اور بینظیر بھٹو کی حکومت کو جائز نہ ماننے سے متعلق بیان منسوب کیا گیا ہے۔
مقامی شہریوںکا کہنا ہے کہ ماضی میں اسی جماعت اور قیادت کی جانب سے بینظیر بھٹو کی حکومت کے خلاف سخت بیانیہ اختیار کیا گیا تھا، جبکہ موجودہ دور میں اسی جماعت کے بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کے ساتھ سیاسی ساتھ اور شراکت داری نے دوہرے معیار اور بدلتے سیاسی حساب کتاب کو نمایاں کر دیا ہے۔
تنقیدی آوازوں کے مطابق ایسے طرزِ سیاست کا بنیادی المیہ یہ ہے کہ جو بات سیاسی اور مالی مفادات کے مطابق ہو اسے درست مان لیا جاتا ہے اور جو مفادات سے مطابقت نہ رکھے وہ قابلِ اعتراض بن جاتی ہے۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ خاندانی اور مفاداتی سیاست میں اصولوں کی جگہ وقتی مفادات کو ترجیح دی جاتی ہے، جس سے بیانیے کا تضاد کھل کر سامنے آتا ہے۔
عوام کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب نئے صوبوں کے قیام، بہتر انتظامی نظام یا اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی بات کی جاتی ہے تو مخالفت اور تنقید کا رویہ اختیار کر لیا جاتا ہے، مگر عوام کو درپیش مسائل کے حل، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور گورننس کی بہتری کے لیے کوئی ٹھوس دلیل یا متبادل لائحہ عمل پیش نہیں کیا جاتا۔ ان کے مطابق اختلاف اور تنقید جمہوری حق ہے، لیکن تنقید کے ساتھ متبادل حل اور دلیل کا ہونا ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مدارس کی قیادت، 12 سے 13 کروڑ کی لیکسز گاڑیاں، بھاری پروٹوکول، پشاور ہائی کورٹ سے واپسی کی ویڈیو وائرل
شہریوں کا موقف ہے کہ سیاست کا مقصد ذاتی یا جماعتی مفادات کا تحفظ نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور مسائل کا حل ہونا چاہیے۔ اگر نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی بہتری، شہریوں کو سہولت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو سکتی ہے تو اس پر سنجیدہ اور مدلل بحث ہونی چاہیے، نہ کہ محض مخالفت برائے مخالفت۔
دوسری جانب سیاسی منظرنامے میں یہ زور دیا جا رہا ہے کہ ملک کو انتشار، سیاسی ضد اور مفاد پرستی کے بجائے بہتر حکمرانی، مضبوط انتظامی ڈھانچے اور عوامی فلاح کے اقدامات کی ضرورت ہے۔ ناقدین کے مطابق جب پرانے بیانات اور نئے سیاسی اتحادوں کا تقابل کیا جاتا ہے تو مفاداتی سیاست کے حوالے سے سوالات مزید سخت ہو جاتے ہیں۔
بہرکیف 1993 کے پرانے بیانات سے لے کر موجودہ سیاسی اتحادوں اور گورننس اصلاحات تک جاری یہ مباحثہ اس سوال کو پھر سامنے لے آیا ہے کہ آیا سیاست میں اصول اور عوامی مفاد مقدم رہیں گے یا وقتی مفادات کا حساب کتاب۔





