اسلام آباد: کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے منسلک ایک کمانڈر سمیع اللہ کے وائرل ویڈیو پیغام نے سیاسی اور سیکیورٹی حلقوں میں تشویش اور بحث کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جس میں حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی سیکیورٹی سے متعلق دعوے کیے گئے ہیں۔
منظرِ عام پر آنے والے ویڈیو پیغام میں سمیع اللہ نامی شخص نے خود کو ٹی ٹی پی کمانڈر ظاہر کرتے ہوئے حکومت کو پیغام دیا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے سیکیورٹی واپس لینے کے بعد وہ اور ان کے ساتھی مبینہ طور پر خود ان کی سیکیورٹی اور سیکیورٹی گارڈ کے فرائض انجام دیں گے۔
ویڈیو میں موجود دیگر افراد بھی اس دعوے کی تائید کرتے سنائی دیتے ہیں، جبکہ اس کے ساتھ گردش کرنے والی تحریر میں سیکیورٹی واپس لینے اور کالعدم تنظیم کے کمانڈر کے بیان کو نمایاں کر کے پیش کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 1993 میں بینظیر حکومت کو حرام اور جائز نہ ماننے کا بیان اور آج بلاول بھٹو سے سیاسی ساتھ، فضل الرحمان کا دوہرا معیار بے نقاب
اس ویڈیو پیغام کے پھیلنے کے بعد سیکیورٹی اور سیاسی حلقوں میں مختلف سوالات اور خدشات نے جنم لیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کسی کالعدم عسکریت پسند تنظیم سے منسلک ہونے کا دعویٰ کرنے والے شخص کی جانب سے کسی مرکزی سیاسی رہنما کی حفاظت یا سیکیورٹی کی پیشکش/دعویٰ خود ایک حساس اور سنگین معاملہ ہے، جس کے سیکیورٹی، قانونی اور سیاسی مضمرات کا بغور جائزہ لیا جانا چاہیے۔
فضل الرحمٰن کی سیکیورٹی، بدلتے سیاسی اتحادوں اور حکومتی فیصلوں پر پہلے ہی کڑی بحث جاری ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی سے جڑے حساس معاملات پر شفافیت، ذمہ دارانہ حکومتی اقدامات اور قانون و ریاست کی عملداری کو یقینی بنانا ناگزیر ہے، تاکہ کسی بھی قسم کے ابہام یا خطرات کو مؤثر طور پر روکا جا سکے۔





