گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تیرہ سال میں ایک پُرامن صوبے کا کیا حال کر دیا گیا، ہر محکمے میں گند ہے، صوبے کو بچانے کے لیے گورنر راج نافذ کیا گیا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اور دہشت گردی کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہارنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے، یہ جنگ جیت کر دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں سزا و جزا کا عمل یقینی بنانا ضروری ہے۔ پی ٹی آئی نے جو طرزِ عمل اختیار کیا، اس سے صوبے کو نقصان پہنچا۔ سوال یہ ہے کہ اس صوبے کا بیڑہ غرق کس نے کیا؟ انہوں نے کہا کہ صوبے کی صورتحال بہتر بنانے اور اسے بچانے کے لیے گورنر راج لگایا گیا۔
سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان کی پارٹی کی تربیت گالم گلوچ کی نہیں، وہ ہر سیاسی رہنما کی عزت کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ عزت و احترام کا رشتہ ہے اور ان کے خلاف کم از کم گالم گلوچ نہیں کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان کا گھر ان کا اپنا گھر ہے، سیاسی معاملات میں اختلافات ہو سکتے ہیں، تاہم احترام کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔
گورنر نے کہا کہ جب مولانا فضل الرحمان نے شہداء کے حوالے سے بات کی تو انہوں نے اس کا جواب دیا، لیکن پی ٹی آئی کو بھی چاہیے کہ مولانا صاحب کے لیے استعمال کیے گئے القابات پر معافی مانگے۔
شوکت یوسفزئی سے متعلق سوال پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شوکت یوسفزئی کو ٹی وی پر روتے ہوئے سب نے دیکھا ہے، ان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوا ہے، اسی لیے وہ ہر جگہ نظر آتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ وفاق کے نمائندے ہیں اور صدر آصف علی زرداری کے نامزد کردہ ہیں۔ وفاقی وزراء کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بیانات کو بھی مناسب قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملات اس حد تک کشیدہ نہیں ہونے چاہئیں کہ مذاکرات میں رکاوٹ پیدا ہو۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ریفرنڈم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ریفرنڈم بلوچستان اور خیبرپختونخوا کا مسئلہ نہیں ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا، اسی لیے آرڈیننس لائے گئے ہیں۔ صوبے میں قانون کی بالادستی اور احتساب کا نظام یقینی بنانا ہوگا۔





