پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بیرسٹر سیف کے ایک نجی ٹیلی ویژن کو دیے گئے انٹرویو نے ملکی سیاست اور اپوزیشن اتحاد کے اندر جاری اختلافات کو کھل کر سامنے لا دیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے نہ صرف خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کو چند افراد کی نااہلی کا نتیجہ قرار دیا بلکہ اپوزیشن کے اہم اتحادی رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کے سیاسی کردار اور بیانیے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس گفتگو میں انہوں نے پارٹی کے اندرونی معاملات، جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ہونے والی ملاقاتوں اور 2024 کے پاراچنار بحران کے دوران پیش آنے والے واقعات کی تفصیلات بھی بیان کیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت چند لوگوں کی نااہلی کے باعث ختم ہوئی۔
اپنی سیاسی و تنظیمی حیثیت پر اٹھنے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں خیبرپختونخوا کابینہ میں خود عمران خان نے شامل کروایا تھا اور حکومت ختم ہونے کے بعد انہیں صوبے میں پی ٹی آئی کا سیکریٹری اطلاعات مقرر کیا گیا جس پر وہ جنید اکبر کی تعیناتی تک فائز رہے۔
ان کے مطابق بعد ازاں وفاق سے یہ پالیسی سامنے آئی کہ سرکاری عہدہ رکھنے والا شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھے گا جس کے باعث بطور مشیر اطلاعات انہوں نے پارٹی عہدہ نہیں لیا اور عدیل اقبال سیکریٹری اطلاعات بنے۔
بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ علی امین گنڈاپور کی حکومت ختم ہونے تک وہ صوبائی کابینہ میں وزیر رہے اور 9 مئی کے بعد پارٹی کے مشکل ترین دور میں اہم ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں : اچکزئی سے متعلق بیرسٹر سیف کا اہم انکشاف
انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ جیل میں عمران خان سے سب سے زیادہ ملاقاتیں ان کی ہوئیں جن میں پارٹی، سیاسی، سرکاری اور تنظیمی امور پر ایک ایک گھنٹے تک طویل مشاورت ہوتی رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی شناخت پر سوال اٹھانا بغض اور بدنیتی کا ثبوت ہے کیونکہ بانی پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ اور پارٹی کارکن ان پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔
بیرسٹر سیف کے مطابق گرفتار کارکنوں کے اہل خانہ بشمول خواتین آج بھی اپنے عزیزوں کی خیریت، صحت اور جیل میں سہولیات کے لیے ان سے رابطہ کرتے ہیں اور پارٹی کے ایک اہم رہنما کے گھر سے بھی مدد کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے موجودہ پارٹی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں اشاروں کنایوں میں ایک دوسرے پر اعتراضات کرنے کے بجائے ثابت قدمی سے پارٹی کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اپوزیشن اتحاد کے رہنما محمود خان اچکزئی سے متعلق سوال پر بیرسٹر سیف نے کہا کہ وہ پختونوں کے بڑے لیڈر ضرور ہیں تاہم بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عمران خان نے ماضی میں ان کے خلاف جو بیانات دیے تھے وہ آج ان کا بدلہ عمران خان اور تحریک انصاف سے لے رہے ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس کے حوالے سے بیرسٹر سیف نے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں علامہ صاحب کی توثیق یا حمایت کی ضرورت نہیں اور سیاست میں ان کا کوئی ایسا اسٹیٹس نہیں انہیں پہلے اپنی سیاسی حیثیت اور ساکھ ثابت کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ ناصر عباس ایک مذہبی تنظیم کی نمائندگی کرتے ہیں اور پاراچنار میں پی ٹی آئی کی حمایت سے ان کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی۔
2024 کے پاراچنار فسادات کا حوالہ دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ راستوں کی بندش اور عوامی مشکلات کے دوران اصولی طور پر علامہ ناصر عباس کو پشاور آ کر وزیراعلیٰ کے ساتھ بیٹھنا چاہیے تھا تاکہ لوگوں کے کھانے پینے اور علاج معالجے کے مسائل حل کرائے جا سکیں لیکن اس کے برعکس وہ اسلام آباد میں سینیٹ میں خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف تقاریر کرتے رہے۔
بیرسٹر سیف کے بقول وہ خود سخت سردی اور خطرناک حالات میں پاراچنار گئے جرگوں میں شریک ہوئے اور کشیدگی کم کرانے کی کوشش کی۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کے حوالے سے علامہ ناصر عباس کے مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاید وہ چاہتے تھے کہ ڈپٹی کمشنر ان کا دباؤ قبول کرے اور ایسا نہ ہونے پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے شکایت بھی کی گئی تاہم وزیراعلیٰ نے افسر کو نہیں ہٹایا۔
بیرسٹر سیف نے واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ بگن کے علاقے میں جب پاراچنار کے لیے خوراک اور ادویات لے جانے والا قافلہ گزر رہا تھا تو فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید محسود اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : مفادات کی سیاست کا پردہ چاک، شہداء کے تقدس کو پامال کرنے والے فضل الرحمن کا حقیقی چہرہ بے نقاب!
ان کے مطابق وہ خود موقع پر موجود تھے زخمی ڈپٹی کمشنر کو ایمبولینس کے ذریعے ٹل کے قلعے میں قائم سی ایم ایچ یونٹ منتقل کیا گیا، جہاں شدید خون بہنے کے باعث انہوں نے خود ڈپٹی کمشنر کو خون عطیہ کیا جبکہ ایک پولیس اہلکار کو بھی خون دیا گیا اور بعد ازاں دونوں کو فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے میران شاہ سے پشاور منتقل کیا گیا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ علامہ ناصر عباس کو زخمی افسران کی عیادت کرنے یا خیریت دریافت کرنے کی توفیق بھی نہیں ہوئی۔





