انڈہ بلاشبہ انسانی جسم کو فوری توانائی، پروٹین اور ضروری وٹامنز فراہم کرنے والی ایک مکمل اور نہایت مفید غذا ہے یہی وجہ ہے کہ غذائی ماہرین اسے ناشتے کا لازمی حصہ بنانے کا مشورہ دیتے ہیں۔
تاہم ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ انڈے کو چند مخصوص غذاؤں کے ساتھ ملا کر کھانا فائدے کے بجائے صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
روزمرہ ناشتے میں انڈے کے ساتھ چائے، چینی، کیلے یا دیگر اشیاء کا بے احتیاطی سے استعمال نہ صرف ہاضمے کو متاثر کرتا ہے بلکہ الرجی اور دیگر طبی پیچیدگیوں کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق انڈہ اعلیٰ معیار کی پروٹین حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے جس کے ایک دانے میں تقریباً 7 گرام صحت بخش پروٹین اور 5 گرام مفید چکنائی پائی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ انڈے میں وٹامن اے، فولک ایسڈ، کیروٹینائڈز، وٹامن بی فائیو، وٹامن بی 12 اور فاسفورس سمیت وٹامن ڈی، وٹامن ای اور زنک کی بھی مناسب مقدار موجود ہوتی ہے جو جسمانی نشوونما اور قوتِ مدافعت کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ناشتے میں انڈہ کھانا نہایت مفید ہے، لیکن اس کے ساتھ چند مخصوص غذاؤں کے استعمال سے پرہیز کرنا ضروری ہے:
چینی سے پرہیز:
انڈے کے استعمال کے دوران چینی یا میٹھی اشیاء کھانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ دونوں کے ایک ساتھ معدے میں جانے سے امائنو ایسڈز کے ردِعمل کے باعث خون کی شریانوں میں لوتھڑے بننے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
سویا ملک (Soy Milk):
انڈہ کھاتے وقت سویا ملک کا استعمال نہیں کرنا چاہیےکیونکہ اس کے نتیجے میں انڈے میں موجود پروٹین کے ہضم ہونے اور جسم میں جذب ہونے کے عمل میں رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔
چائے اور سبز چائے:
بیشتر افراد ناشتے میں انڈے کے ساتھ چائے پینا معمول سمجھتے ہیں تاہم ماہرین کے مطابق انڈہ کھانے کے دوران یا اس کے آدھے گھنٹے کے اندر عام چائے یا سبز چائے پینے سے قبض کی شکایت ہو سکتی ہے۔
چائے یا سبز چائے پینے کے لیے انڈہ کھانے کے کم از کم 35 منٹ بعد کا وقفہ رکھنا بہتر ہے۔
مچھلی اور پنیر:
غذائی ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ انڈے اور مچھلی کو ایک ساتھ ہرگز نہیں کھانا چاہیے بصورت دیگر جلد کی الرجی اور انفیکشن کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا صوبے کے اکنامک زونز میں غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن
اسی طرح انڈہ اور پنیر ایک ساتھ کھانے یا سینڈوچ میں انڈے کے غیر متوازن استعمال سے بھی الرجی کی شکایت ہو سکتی ہے۔
کیلے کا استعمال:
ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ انڈہ کھانے کے فوراً بعد کیلا کھانے سے اجتناب کیا جائے، کیونکہ یہ امتزاج معدے پر بوجھ ڈال کر نظامِ ہضم کو متاثر کر سکتا ہے۔





