پاکستان سپر لیگ سے قبل خیبرپختونخوا حکومت کا پشاور اسٹیڈیم کے حوالے سے اہم فیصلہ!

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور صوبائی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت اس کا پرانا نام ’’ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم ‘‘بحال کیے جانے کا امکان ہے۔ 

گورنر خیبرپختونخوا نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسٹیڈیم کا نام کسی سیاسی شخصیت یا کسی سیاسی جماعت سے وابستہ فرد کے نام پر نہیں رکھا جائے گا جبکہ صوبائی حکومت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ سیزن سے قبل اس عمل کو مکمل کرنے پر غور کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں واقع کرکٹ اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کے حوالے سے محکمہ کھیل کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں تاہم نئے نام کا حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے اور باضابطہ اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسٹیڈیم کا پرانا نام ’’ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم‘‘ دوبارہ بحال کیے جانے کا قوی امکان موجود ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دورِ حکومت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی کابینہ کی منظوری سے پشاور کے تاریخی ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے بانی پی ٹی آئی کے نام پر عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھ دیا گیا تھا تاہم موجودہ صوبائی حکومت نے اس فیصلے کو واپس لینے اور اسٹیڈیم کو نیا نام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیے جانے کی باقاعدہ تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز صوبے کی ایک اہم شخصیت تھے جنہوں نے کھیلوں کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔

گورنر نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ اسٹیڈیم کا نام تبدیل ضرور کیا جائے گا لیکن اسے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) یا کسی بھی دوسری سیاسی جماعت سے وابستہ کسی شخصیت کے نام سے منسوب نہیں کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق صوبائی حکومت اس کوشش میں ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے آئندہ ایڈیشن کے آغاز سے قبل اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کا تمام تر عمل مکمل کر لیا جائے تاہم حتمی نام کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایکسپریس وے پر خونریز حادثہ،پتھروں سے بھرا ٹرک لوڈر ڈالے پر الٹ گیا، 7 افراد جاں بحق

اس فیصلے پر شائقینِ کرکٹ، کھیلوں کے مبصرین اور سیاسی حلقوں کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔

کھیلوں سے وابستہ حلقوں اور شائقین کی ایک بڑی تعداد کا ماننا ہے کہ کھیل کے میدانوں اور عوامی مقامات کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر رکھنا ایک مثبت روایت ہے اور تاریخی شخصیات یا کھیلوں کے لیے خدمات انجام دینے والوں کے نام بحال رہنے چاہئیں۔

Scroll to Top