اسلام آباد کے سیکٹر G6/4 میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادےسابق وفاقی وزیر اسعد محمود سے منسوب قیمتی رہائشی جائیدادوں کا معاملہ ایک بار پھر زیر بحث آگیا ہے۔
مختلف میڈیا رپورٹس کے بعد اب متعلقہ جائیدادوں کی قانونی ملکیت، مالی معاملات اور تعمیراتی ضوابط سے متعلق تحقیقات کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
معاملے کا مرکز اسٹریٹ نمبر 83 میں واقع دو رہائش گاہیں ہیں۔ رپورٹس کے مطابق مکان نمبر 7 میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش بتائی جاتی ہے جبکہ ملکیتی دستاویزات میں امان اللہ نامی شخص کا نام درج ہے۔ اسی گلی کے مکان نمبر 11 کو اسعد محمود سے منسوب کیا جا رہا ہےجس کی قانونی ملکیت مبینہ طور پر ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے جاوید اقبال کے نام ہے۔
مکان نمبر 11 کے بارے میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق چار کنال پر محیط اس زیر تعمیر رہائش گاہ کی مجموعی مالیت دو ارب روپے سے زائد ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ تاہم اس تخمینے اور اسعد محمود کے ساتھ جائیداد کے حقیقی مالی تعلق کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
اس معاملے میں اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے 30 اکتوبر 2026 کو مکان نمبر 7 پر تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزیوں سے متعلق نوٹس جاری کیا۔ نوٹس میں غیرمجاز تعمیرات، گارڈ روم اور سرکاری جگہ پر نصب جنریٹر جیسے امور کی نشاندہی کی گئی تھی۔
دوسری جانب ایف آئی اے، ایف بی آر اور سی ڈی اے نے امان اللہ کے مالی معاملات اور جائیدادوں کی چھان بین شروع کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مکان نمبر 7 کی 2019 میں پانچ کروڑ روپے کی ظاہر کردہ مالیت پر منتقلی اور متعلقہ مالی ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اسی دوران اسعد محمود کے دورِ وزارت میں پاکستان پوسٹ کی بھرتیوں اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ٹھیکوں سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں پر نیب کی تحقیقات کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ ان معاملات میں بعض ٹھیکیداروں کے مالی روابط اور اسلام آباد کی رہائش گاہ کے ممکنہ تعلق کا جائزہ لینے کی بات کی گئی ہے۔
جائیدادوں کی قانونی ملکیت اور سیاسی شخصیات کے ساتھ ان کے ممکنہ تعلق سے متعلق بنیادی معاملات تاحال وضاحت طلب ہیں۔ یہ بھی واضح ہونا باقی ہے کہ متعلقہ جائیدادوں کے استعمال، تعمیراتی اخراجات اور ظاہر کردہ ذرائع آمدن کی قانونی حیثیت کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جوہری تحفظ کے عالمی ماہرین کا اسلام آباد میں اجتماع، سالانہ اجلاس کا آغاز، 49 ممالک کے 68 مندوبین شریک
دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا اسجد محمود سی ڈی اے کے نوٹسز کو سیاسی انتقامی کارروائی قرار دے چکے ہیں۔ ان کے مطابق متعلقہ اعتراضات اضافی کچن، گارڈ کیبن اور جنریٹر سے متعلق تھے۔





