جوہری تحفظ کے عالمی ماہرین کا اسلام آباد میں اجتماع، سالانہ اجلاس کا آغاز، 49 ممالک کے 68 مندوبین شریک

 پاکستان نے آج اسلام آباد میں پاکستان سینٹر آف ایکسیلینس فار نیوکلیئر سکیورٹی (PCENS) میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے اشتراک سے جوہری تحفظ کے تربیتی و معاونتی مراکز کے عالمی نیٹ ورک (NSSC Network) کے سالانہ اجلاس 2026ء کا افتتاح کر دیا۔

چار روزہ اجلاس میں دنیا کے 49 ممالک کے 68 مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ شرکت کرنے والوں میں مختلف ممالک کے اعلیٰ حکومتی حکام کے ساتھ ساتھ جوہری شعبے کے متعلقہ اداروں کے نمائندے،نیوکلیئر سیکیورٹی ماہرین، سائنس دان، ماہرینِ تعلیم اور عالمی تنظیموں کے عہدیدار شامل ہیں۔ اجلاس کے دوران جوہری تحفظ کو درپیش نئے چیلنجز، ان سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات اور اس شعبے میں عالمی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (PNRA) کے چیئرمین ضیاء حسین شاہ تھے۔ تقریب میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے نمائندوں، حکومتی عہدیداروں، شریک ممالک کے مندوبین اور پاکستان میں تعینات سفارتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری اور سفیر خلیل حسین ہاشمی نے جوہری تحفظ کے حوالے سے پاکستان کے عزم اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ دیرینہ تعاون کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2016ء میں بھی اس عالمی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کی تھی۔ دس سال بعد اس اجلاس کی دوبارہ اسلام آباد آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا بھر میں اس نیٹ ورک کی اہمیت اور دائرہ کار میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوہری تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط قومی ادارے، تربیت یافتہ ماہرین اور عالمی سطح پر مسلسل تعاون ضروری ہے۔ اس حوالے سے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کا کردار انتہائی اہم ہے۔

پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین جناب ضیاء حسین شاہ نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ جوہری تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے تربیت یافتہ اور قابل افراد کی تیاری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے جوہری تحفظ کے شعبے سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ تربیت اور مختلف ممالک کے درمیان علم و تجربات کے تبادلے میں این ایس ایس سی نیٹ ورک کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نیٹ ورک دنیا بھر کے ممالک کو جوہری تحفظ کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا اہم موقع فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان بھی اپنے قومی اداروں کے ذریعے اس مقصد کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نےدس سال بعد دوبارہ میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ این ایس ایس سی نیٹ ورک دنیا کے مختلف ممالک میں جوہری تحفظ کے تربیتی اور معاونتی مراکز کو ایک دوسرے سے جوڑنے اور ان کے درمیان تعاون بڑھانے کا اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نیٹ ورک جوہری تحفظ کے حوالے سے صرف بات چیت تک محدود نہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانے میں مدد دیتا ہے کہ جو کچھ سیکھا جائے، اس پر عملی طور پر بھی عمل ہو۔ گروسی کے مطابق یہ کوشش اس لیے بھی اہم ہے کہ دنیا کے زیادہ سے زیادہ ممالک بجلی پیدا کرنے، طبی سہولیات بہتر بنانے اور زراعت کے شعبے میں ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ایسے میں جوہری تحفظ کے مؤثر انتظامات کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

مہمانِ خصوصی ضیاء حسین شاہ نے این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی دس سال بعد پاکستان میں دوبارہ میزبانی کے موقع پر تعمیر کی گئی یادگار کی نقاب کشائی بھی کی۔

اجلاس کے شرکاء نے پاکستان اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان جوہری تحفظ کے شعبے میں دیرینہ تعاون کو سراہا۔ انہوں نے قومی سطح پر جوہری تحفظ کے نظام کو بہتر بنانے اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔

غیر ملکی سفیران اور آئی اے ای اے کے ماہرین نے چئیر مین پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی ضیاء حسین شاہ  کے ہمراہ پاکستان سنٹر آف ایکسیلینس فار نیوکلیئر سیکیورٹی میں مختلف لیبارٹریز کا دورہ بھی کیا۔جہاں انہوں نے پاکستان میں جوہری سلامتی کی تربیت کے لیے دستیاب جدید ترین سہولیات کو سراہا۔

پاکستان نے 2016ء میں پہلی مرتبہ اس نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کی تھی۔ یہ ویانا میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے مرکزی دفتر سے باہر منعقد ہونے والا نیٹ ورک کا پہلا اجلاس تھا۔ اس کے بعد سے پاکستان مسلسل اس عالمی نیٹ ورک کی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

دس سال بعد اس اجلاس کی پاکستان واپسی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ جوہری تحفظ کے فروغ کے لیے پاکستان اور عالمی برادری کے درمیان تعاون کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ اس تعاون میں تربیت، تکنیکی معاونت اور مختلف ممالک کے تجربات سے استفادہ خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔

سالانہ اجلاس 26 نومبر 2026ء تک جاری رہے گا۔ اس دوران شرکاء پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سکیورٹی (NISAS) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) یونیورسٹی کا دورہ بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد:پاکستان کی میزبانی میں نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2027 کی تیاری کے لیے پانچ روزہ علاقائی ورکشاپ کا آغاز، 22 ممالک کے ٹرینرز شریک

اجلاس کے دوران مختلف تکنیکی نشستوں، خصوصی مباحثوں، ورکنگ گروپ کے اجلاسوں اور ماہرین کے تبادلۂ خیال کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جن کا مقصد دنیا بھر میں جوہری تحفظ کے انتظامات کو مزید بہتر بنانا اور اس شعبے میں عالمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

Scroll to Top