وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر پروگرام کے ذریعے آئندہ چھ ماہ کے دوران ایک ہزار ارب روپے کے قرضے جاری کرنے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے بینکوں کو قرضوں کی منظوری کا عمل انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
اسلام آباد میں اپنا گھرپروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا اس لیے وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر ایسے عملی اقدامات کرنا ہوں گے جو بانی پاکستان کے خواب کی تعبیر بن سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات وہ نہیں ہیں جن کے لیے قیامِ پاکستان کی جدوجہد کی گئی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دو لاکھ گھروں کی تعمیر آبادی کے تناسب سے آٹے میں نمک کے برابر ہے۔
انہوں نے مکان حاصل کرنے والے خاندانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی ایک بڑی آبادی اپنی چھت، روزگار اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جبکہ افسوسناک امر یہ ہے کہ ایک جانب وسائل محدود طبقے کے پاس ہیں اور دوسری جانب عام آدمی سر چھپانے کی جگہ سے محروم ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر عوام کے لیے کروڑوں گھر بھی تعمیر کرنے پڑے تو حکومت اس سے پیچھے نہیں ہٹے گی تاہم اس ہدف کے حصول کے لیے وفاق اور صوبوں کا باہمی اشتراک ناگزیر ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر حکمران عوام کو ایک چھت بھی فراہم نہیں کر سکتے تو انہیں عہدوں پر رہنے کا کوئی جواز نہیں۔
انہوں نے ماضی کی ایک ہاؤسنگ اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صرف اشرافیہ نے فائدہ اٹھایا حالانکہ صاحبِ حیثیت طبقہ خود گھر بنا سکتا ہے جبکہ اصل مدد کی ضرورت غریب اور متوسط طبقے کو ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ گھر کے حصول کے لیے قرضوں کی تقسیم میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2026ء میں خیبرپختونخوا کے محمد فواد خان نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی!
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت سو ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی کا اہم سنگِ میل عبور کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے متعدد اجلاس منعقد کیے گئے اور وزیراعظم کی تمام تر توجہ عوام کی فلاح و بہبود پر مرکوز رہتی ہے۔





