وفاقی حکومت نے انتظامی ڈھانچے کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے وفاقی بیوروکریسی میں اہم تقرر و تبادلے کر دیے ہیں جس کے تحت پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 18، 19 اور 20 کے متعدد افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفیکیشنز کے مطابق تقرری کے منتظر اور او ایس ڈی افسران سمیت مختلف اداروں میں تعینات افسران کو نجکاری کمیشن، اقتصادی امور ڈویژن، پیٹرولیم ڈویژن، حکومت پنجاب اور لاہور کے اعلیٰ تربیتی اداروں میں تعینات کیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلے کرتے ہوئے تقرری کے منتظر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 20 کے افسر سید محمد افضل زیدی کو تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر ڈائریکٹر جنرل نجکاری کمیشن تعینات کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 19 کے افسر محمد اویس کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی خدمات حکومت پنجاب کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
اسی طرح تقرری کی منتظر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 19 کی ماریہ طارق کو تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور میں تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 19 کی اسماء علی اعوان کو بھی تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور میں تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
مزید برآں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کی مہرین بلوچ کو سیکشن آفیسر اقتصادی امور ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ تقرری کی منتظر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کی وردہ مشہود شورش کو تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر سول سروسز اکیڈمی لاہور میں تعینات کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مانسہرہ میں خوفناک پولیس مقابلہ: پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والا ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا!
علاوہ ازیں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں ڈیپوٹیشن پر تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کی تابندہ طارق کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی خدمات پیٹرولیم ڈویژن کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان تمام تقرر و تبادلوں کے ضمن میں باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیے ہیں جن پر فوری عمل درآمد ہوگا۔





