پاک فضائیہ کے شاہینوں اور ایٹمی پاکستان کے لیے تاریخی نغمے گانے والے عظیم گلوکار محسن رضا خان المعروف ’بنی‘ چل بسے!

پاکستانی پاپ موسیقی کے نامور گلوکار محسن رضا خان المعروف ’’بنی‘‘ 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ 

اپنی منفرد آواز اور گائیکی کے باعث پہچانے جانے والے محسن رضا نے جدید پاپ موسیقی کو پاکستانی دھنوں سے ہم آہنگ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

ان کے قریبی ساتھیوں نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

1956 میں لاہور میں پیدا ہونے والے محسن رضا خان کو ان کے والد نے مشہور کارٹون کردار سے متاثر ہو کر ’’بنی‘‘ کا نام دیا جو بعد ازاں ان کی اصل پہچان بن گیا۔

انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور میں تعلیم کے دوران شوقیہ طور پر گلوکاری اور گٹار بجانے کا آغاز کیا اور مختلف مقامی بینڈز کا حصہ رہے۔

اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ملک بھر میں کنسرٹس کیے جبکہ جرمنی، اٹلی اور برطانیہ میں بھی موسیقی سے وابستہ رہے۔

1988 میں وطن واپسی کے بعد انہوں نے ماسٹر منظور اختر کے لکھے ہوئے گیت ’’دل میں تم ہونٹوں پہ تم‘‘ کی دھن ترتیب دی جسے موسیقار ارشد محمود کی معاونت سے کراچی میں ریکارڈ کر کے ای ایم آئی پاکستان کے تحت جاری کیا گیا۔

1989 میں ریلیز ہونے والے اس گانے نے انہیں راتوں رات ملک گیر شہرت دلائی جس کے بعد ان کا ایک اور گانا ’’ہو جاؤں گا دیوانہ‘‘ بھی بے حد مقبول ہوا۔

اپنے فنی سفر کے دوران انہوں نے ای ایم آئی پاکستان اور ساؤنڈ ماسٹر کے پلیٹ فارم سے چار میوزک البمز ریلیز کیے۔

پاپ گائیکی کے ساتھ ساتھ ان کے ملی نغمات نے بھی خوب پذیرائی حاصل کی جن میں 1998 کے ایٹمی دھماکوں کے بعد گایا جانے والا مقبول نغمہ ’’ایک قوم زندہ قوم پاکستانی قوم‘‘ سرِفہرست ہے جس میں پہلی مرتبہ چاغی کا ذکر شامل کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ پاک فضائیہ کے لیے میجر (ر) ضمیر جعفری کا تحریر کردہ نغمہ ’’اے پاک زمیں ہم شاہین و شہباز ترے‘‘ اور 1996 کے اٹلانٹا اولمپکس کے لیے ریکارڈ کیے گئے کھیلوں کے نغمات بھی ان کی فنی شناخت کا حصہ بنے۔

1996 میں انہوں نے کراچی کے علاقے طارق روڈ پر اپنا میوزک اسٹوڈیو قائم کیا جہاں سے نئے فنکاروں کی سرپرستی کی گئی اور 1997 میں پاک فضائیہ کا پہلا البم ’شاہین‘ بھی وہیں ریکارڈ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن ،فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک،اسلحہ برآمد

طویل علالت کے باعث وہ گزشتہ کئی برسوں سے موسیقی کی محفلوں سے دور تھے تاہم حال ہی میں انہوں نے مختلف ٹی وی چینلز پر انٹرویوز دے کر پرانی یادیں تازہ کی تھیں جبکہ چند روز قبل ہی ای ایم آئی پاکستان کی جانب سے ان کے گانوں کے حقوق بھی ان کے سپرد کیے گئے تھے۔

Scroll to Top