معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کا سفر رکنے والا نہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا وزراء اور صوبائی حکومتوں کو سخت پیغام، بیان بازی فوراً بند ہو

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزراء کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وفاقی کابینہ کے ارکان اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کرنے کی دوٹوک ہدایات جاری کر دی ہیں۔ 

پرائم منسٹر آفس (میڈیا ونگ) سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے اور حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اور سفارتی محاذ پر بھی متعدد اہم کامیابیاں ملی ہیں، جبکہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وفاقی کابینہ کے تمام وزراء کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے مکمل گریز کریں، کیونکہ کابینہ اراکین کے درمیان معاملات افہام و تفہیم اور اتفاق سے آگے بڑھنے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں : شہری کی شکایت پر پولیس کا ایکشن، سیاسی پروپیگنڈے کا بھانڈا پھوٹ گیا، پارک ویو سٹی میں امن خراب کرنے کی کوشش ناکام، بغیر لائسنس اسلحے سمیت دو ملزمان گرفتار

وزیراعظم نے خبردار کیا کہ وفاقی وزراء کی باہمی بیان بازی سے نہ صرف منفی تاثر پیدا ہوتا ہے بلکہ تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ بھی ہٹتی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے وزراء اچھا کام کر رہے ہیں اور ان کی توجہ صرف عوامی خدمت و تعمیر و ترقی پر ہی رہنی چاہیے، جبکہ صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی ایسی بیان بازی سے باز رہیں اور مثبت بات چیت کو فروغ دیں۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے اور سیاسی استحکام کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہم سب کا فرض ہے۔

Scroll to Top