خطاب روکنے کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی، اصل جھگڑا پراپرٹی کا نکلا، لاہور میں 4 گھروں اور 2 پلاٹس کی تفصیلات نے نیا بھونچال کھڑا کر دیا

لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ جائیدادوں کی تفصیلات سامنے آنے کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، جہاں خیبرپختونخوا کے بعد اب پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی ان کے چار گھروں اور دو پلاٹس کیموجودگی کے دعوے سامنے آئے ہیں۔

 ان انکشافات کے ساتھ ہی لاہور بار ایسوسی ایشن سے خطاب سے روکنے کے بیانیے اور امن و امان کی صورتحال سے جڑے معاملات بھی نئے زاویے سے زیرِ بحث آ گئے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں مداخلت کر کے صورتحال کو قابو میں رکھا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے گرد پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی کو لاہور بار ایسوسی ایشن کے خطاب سے جوڑ کر پیش کیے جانے والے بیانیے پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں، کیونکہ اس معاملے کو ذاتی پراپرٹی کے تنازع سے جوڑا جا رہا ہے۔

 اطلاعات کے مطابق لاہور کے دورے اور خطاب کے حوالے سے کیے جانے والے دعوؤں کے پیچھے مختلف پہلو سامنے آئے ہیں اور مبینہ طور پر ایسے شواہد کا ذکر کیا جا رہا ہے جن کے تحت لاہور کی مختلف سوسائٹیوں میں مولانا فضل الرحمان کے چار گھر اور دو پلاٹس موجود ہیں۔

 دعووں کے مطابق انتخابی گوشواروں میں ان مبینہ جائیدادوں کا ذکر کرنے کے بجائے صرف ایک چھوٹے گھر کا حوالہ دیا جاتا ہے، جس پر گوشواروں کی شفافیت کے حوالے سے بحث چھڑ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں آپریشن میں زر گل عرف انکل گروپ کے 3 دہشت گرد ہلاک، کمانڈر کا بھتیجا اور مطلوب ملزمان بھی شامل، 6 افراد گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

اسی تناظر میں پارک ویو سٹی کے ڈائمنڈ بلاک کا واقعہ بھی سامنے آیا، جہاں اطلاعات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی آمد کے دوران مبینہ فرنٹ مین امان اللہ نے اہلِ علاقہ کو ڈرانے کی کوشش کی۔

 اس صورتحال کے پیشِ نظر مکان نمبر 142 کے رہائشی احمد رضا اور دیگر مکینوں نے دھمکائے جانے کی شکایت پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے مدد طلب کی، جس پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کر لیا۔

دوسری جانب الیکشن گوشواروں میں محض ایک چھوٹے گھر کے دعوے اور لاہور میں مبینہ طور پر چار گھروں اور دو پلاٹس کی موجودگی کی باتوں نے شفافیت اور عوامی جوابدہی سے متعلق نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

 ناقدین اور شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جب کاغذات میں سادگی کے دعوے کیے جاتے ہوں اور عملی طور پر مختلف سوسائٹیوں میں جائیدادوں اور فرنٹ مینوں کے ذریعے مکینوں کو ہراساں کرنے کی شکایات سامنے آئیں، تو اس سے عوامی اعتماد متاثر ہوتا ہے اور دعوؤں کی حقیقت پر بحث مزید تیز ہو جاتی ہے۔

Scroll to Top