پشاور: انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے یکم جنوری 2027 سے تعلیمی اسناد کی تصدیق کا مکمل آن لائن نظام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے 29 امتحانی بورڈز اور دینی مدارس کی اہل اسناد کے حامل طلبہ اپنے پورٹل اکاؤنٹ کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکیں گے اور تصدیق مکمل ہونے پر اپنی اسناد وہیں سے ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کر سکیں گے۔
یہ اہم فیصلہ آئی بی سی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کی۔
تفصیلات کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت طلبہ اپنی درخواستیں اور مطلوبہ دستاویزات آئی بی سی سی کے آن لائن پورٹل پر جمع کرائیں گے، جس کے بعد درخواست کی جانچ اور منظوری مکمل ہونے پر الیکٹرانک طور پر تصدیق شدہ دستاویز درخواست گزار کے پورٹل اکاؤنٹ میں فراہم کر دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اپنا گھر اسکیم، وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ہزار ارب روپے قرضوں کا ہدف مقرر کر دیا
اس آن لائن سہولت کے آغاز سے درخواست گزار اور آئی بی سی سی دونوں کو دستاویزات بذریعہ کوریئر بھیجنے کی ضرورت ختم ہو جائے گی، جس سے وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ممکن ہو سکے گی۔
مزید برآں طلبہ ایک ہی تصدیق شدہ سند کو مختلف اداروں میں جمع کرانے کے لیے پورٹل سے ضرورت کے مطابق نقول پرنٹ کر سکیں گے اور ہر اضافی نقل پر آئی بی سی سی کی الگ تصدیقی فیس ادا کرنے کی ضرورت بھی باقی نہیں رہے گی۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلے کے مطابق یہ نقول جامعات میں داخلوں اور بیرونِ ملک استعمال کے لیے وزارتِ خارجہ کی متعلقہ شرائط کے مطابق جمع کرائی جا سکیں گی۔





