ستاروں پر کمند ڈالنے کا تاریخی اور سنسنی خیز مشن اب اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
پاکستان کی سائنسی، عسکری اور خلائی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جانے والے اس لمحے میں ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی اپنے دو چینی ساتھیوں کے ہمراہ خلائی جہاز ’شینژو 24‘ کے کیپسول میں سوار ہو چکے ہیں۔
پاکستان کی سائنسی، عسکری اور خلائی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جانے والے اس لمحے میں ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی اپنے دو چینی ساتھیوں کے ہمراہ خلائی جہاز ’شینژو 24‘ کے کیپسول میں سوار ہو چکے ہیں۔
شمال مغربی چین کے ’جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر‘ پر جشن، تالیوں کی گونج اور بھرپور سرکاری پروٹوکول میں الوداعی تقریب کے بعد تینوں خلا بازوں کو سخت سیکیورٹی حصار میں لانچنگ پیڈ تک پہنچایا گیا، جہاں وہ لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے اوپر نصب خلائی جہاز میں اپنی مخصوص نشستوں پر براجمان ہو گئے ہیں۔
زمین سے خلا تک کے اس عظیم سفر کے آغاز میں اب محض چند گھنٹے باقی ہیں اور 25 کروڑ پاکستانیوں کی نظریں اور دعائیں اپنے پہلے خلا باز کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔
چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر پر اس وقت جشن کا سماں ہے اور فضا ’’پاک چین دوستی زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے گونج رہی ہے جہاں پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی مشن ’شینژو 24 پر روانگی سے قبل تاریخ ساز الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔
سفید خلائی لباس میں ملبوس تینوں خلا باز مشن کمانڈر تانگ ہونگ بو، فلائٹ انجینئر وو یی اور پاکستانی پے لوڈ اسپیشلسٹ محمد ذیشان علی جب تقریب گاہ پہنچے تو شرکا نے کھڑے ہو کر تالیوں کی بھرپور گونج میں ان کا والہانہ استقبال کیا۔
مکمل سیکیورٹی، پروٹوکول اور جشن کے جذباتی مناظر
تقریب کے اختتام پر تینوں خلا بازوں کو سخت ترین سیکیورٹی حصار، بھرپور سرکاری پروٹوکول اور غیر معمولی اعزاز کے ساتھ خصوصی گاڑیوں کے قافلے میں لانچنگ پیڈ کی جانب روانہ کیا گیا۔
اس موقع پر جیوچوان خلائی مرکز میں موجود پاکستانی و چینی حکام، سائنس دانوں، انجینئرز اور شائقین کی جانب سے دونوں ملکوں کے پرچم لہرا کر خلا بازوں کا حوصلہ بڑھایا گیا۔
الوداعی تقریب میں شریک افراد کی آنکھوں میں خوشی اور فخر کی چمک نمایاں تھی جبکہ سرگودھا کے سپوت محمد ذیشان علی نے ہاتھ ہلا کر اور پُراعتماد مسکراہٹ کے ساتھ پوری پاکستانی قوم اور چینی عوام کی محبتوں کا جواب دیا۔
ان کا پُروقار انداز اور عزم اس بات کی گواہی دے رہا تھا کہ وہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدوں اور علامہ اقبال کے شاہین کے تصور کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے بالکل تیار ہیں۔
کاؤنٹ ڈاؤن کا آخری مرحلہ: خلائی سفر کی گھڑیاں قریب آ گئیں
الوداعی تقریب اور پروٹوکول قافلے میں روانگی کے بعد اب مشن ’شینژو 24کے کاؤنٹ ڈاؤن کا آخری اور فیصلہ کن مرحلہ شروع ہو چکا ہے جہاں تینوں خلا باز لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے اوپر نصب خلائی کیپسول میں اپنی نشستیں سنبھال رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جشن، تالیوں کی گونج اور بھرپور سرکاری پروٹوکول: پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی ساتھیوں سمیت الوداعی تقریب کے بعد لانچنگ پیڈ کی جانب روانہ
شیڈول کے مطابق مشن کی لانچنگ کا حتمی مرحلہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے شروع ہوگا اور بیجنگ کے معیاری وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ (پاکستانی وقت 5 بج کر 18 منٹ) پر لانگ مارچ 2 ایف راکٹ آگ اور دھوئیں کے بادل چھوڑتا ہوا محمد ذیشان علی کو لے کر خلا کی جانب روانہ ہو جائے گا۔
اس پرواز کے 4 سے 5 گھنٹے بعد وہ چین کے ’تیانگونگ‘ خلائی اسٹیشن میں داخل ہو کر وہاں قدم رکھنے والے دنیا کے پہلے غیر ملکی خلا باز بن جائیں گے۔





