باجوڑ سے غیر قانونی طریقوں سے یورپ بھجوانے کا جھانسہ دینے والے مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ڈی پی او خان زیب مہمند

باجوڑ: باجوڑ پولیس نے ضلع بھر میں غیر قانونی انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن اور سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ اس مکروہ دھندے سے وابستہ افراد کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) باجوڑ خان زیب مہمند نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضلع باجوڑ میں ان تمام ایجنٹس کی نشاندہی اور ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے جو معصوم نوجوانوں کو سہانے خواب دکھا کر غیر قانونی ذرائع سے یورپی ممالک بھجوانے میں ملوث ہیں۔

ڈی پی او باجوڑ نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے ذریعے نوجوانوں کو غیر قانونی اور انتہائی پُرخطر راستوں پر بیرونِ ملک دھکیلنا ایک سنگین جرم اور تشویشناک عمل ہے، جس کے باعث آئے روز قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور خاندان اجڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لیبیا میں المناک کشتی حادثہ :یورپ کے سنہری خواب دیکھنے والے باجوڑ کے 35 نوجوان جاں بحق

خان زیب مہمند نے واضح الفاظ میں خبردار کیا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے اور اس غیر قانونی دھندے میں ملوث کسی بھی عنصر کو معاف نہیں کیا جائے گا، اور تمام ملزمان کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے علاقے کے عوام اور والدین سے بھی پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے نوجوانوں کے مستقبل اور جانوں کو داؤ پر نہ لگائیں اور انہیں غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک بھیجنے سے مکمل گریز کریں۔

ڈی پی او نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس سے متعلق معلومات فوری طور پر باجوڑ پولیس کو فراہم کریں تاکہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے انسانی جانوں کے تحفظ اور اس جرم کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top