عمان میں جاری عالمی اسنوکر کپ کے دوسرے روز پاکستانی کیوئسٹس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سبز میز پر اپنی برتری ثابت کر دی۔
سابق عالمی چیمپئن محمد آصف نے روایتی حریف بھارت کے کھلاڑی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد باآسانی شکست دے کر ناک آؤٹ راؤنڈ میں قدم رکھ دیا جبکہ ایونٹ میں شریک دیگر تینوں پاکستانی کھلاڑی بھی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
ایونٹ کے دوسرے روز سابق عالمی چیمپئن محمد آصف بھرپور فارم میں نظر آئے۔
انہوں نے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے نظام الدین احمد کو زیر کیا اور اس کے بعد بھارتی حریف ملکیت سنگھ کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے انہیں 0-3 کے واضح اسکور سے قابو کر کے اگلے مرحلے کا ٹکٹ کٹا لیا۔
عالمی اسنوکر کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے دیگر کھلاڑیوں نے بھی عمدہ کھیل سے شائقین کے دل جیت لیے:
اسجد اقبال اور مبشر رضا دونوں قومی کھلاڑیوں نے ایونٹ کے دوسرے روز اپنے دونوں میچز میں کامیابی سمیٹ کر ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنائی۔
یہ بھی پڑھیں : طبی دنیا میں بڑی کامیابی: چھاتی کے کینسر کے ابتدائی علاج کے لیے نئی گولی منظور!
پاکستان کے رانا عارف کو اگرچہ بھارت کے دھیتا مہرہ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم مجموعی کارکردگی اور پوائنٹس کی بنیاد پر وہ بھی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔
چاروں پاکستانی کھلاڑیوں کی ناک آؤٹ راؤنڈ میں رسائی کے بعد ایونٹ میں پاکستان کی ٹائٹل جیتنے کی امیدیں مزید روشن ہو گئی ہیں۔





