اسکردو: بلتستان کی حسین وادیوں میں موسمِ خزاں نے قدرت کے دلکش رنگ بکھیر دیے ہیں، جس کے باعث پورا خطہ ایک دلفریب منظر پیش کر رہا ہے اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد قدرت کے ان حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے علاقے کا رخ کر رہی ہے۔
موسمِ خزاں کی آمد کے ساتھ ہی بلتستان کے طول و عرض میں کبھی سرسبز دکھائی دینے والے درخت اب زرد، سنہری اور نارنجی رنگوں میں ڈھل چکے ہیں۔
تیز ہواؤں کے ساتھ درختوں سے جھڑتے رنگ برنگے پتے زمین پر بچھ کر قدرتی قالین کا سماں پیش کر رہے ہیں، جبکہ بلند و بالا پہاڑوں کے دامن میں آباد بستیاں خزاں کے ان انوکھے رنگوں میں نہا کر ایک منفرد اور سحر انگیز حسن اختیار کر گئی ہیں۔
اسکردو کے نواح میں واقع خوبصورت گاؤں ارگنگ ویلیج میں بھی خزاں کے یہ حسین مناظر سیاحوں اور فوٹوگرافی کے شوقین افراد کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ سے غیر قانونی طریقوں سے یورپ بھجوانے کا جھانسہ دینے والے مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ڈی پی او خان زیب مہمند
مقامی افراد اور سیاحوں کے مطابق خزاں کے موسم میں بلتستان کی وادیاں کسی پینٹنگ کا منظر پیش کرتی ہیں، جہاں ہر طرف بکھرے سنہری رنگ آنکھوں کو خیرہ کر دیتے ہیں۔
اگرچہ رواں برس بلتستان میں موسمِ خزاں اپنے عروج کو پہنچنے کے بعد اب بتدریج ڈھلنے لگا ہے اور بیشتر درختوں سے پتے جھڑنے کا عمل تیز ہو چکا ہے۔
تاہم وادی کی قدرتی خوبصورتی، پُرسکون ماحول اور باقی بچ جانے والے رنگوں کی دلکشی اب بھی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچ رہی ہے اور سیاحتی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔





