پشاور: خیبر پختونخوا کے مشیر مذہبی امور مولانا طیب قریشی نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کو سیاست کی نذر کر کے مدارس کے مفادات پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور بیرونی قوتوں کا گھناؤنا ایجنڈا بے نقاب ہو چکا ہے۔
گفتگو کرتے ہوئے مشیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ طویل جدوجہد کے بعد مدارس کی رجسٹریشن، بینک اکاؤنٹس اور اس سے جڑے معاملات آگے بڑھے ہیں، جنہیں سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع اور وزیرستان میں دہشت گردوں نے مساجد، مدارس اور معصوم لوگوں کو آسان ہدف بنایا اور ریاست کے حق میں آواز اٹھانے والے علما کو بے دردی سے قتل کیا۔
افغان سرحد سے متصل علاقوں کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مولانا طیب قریشی نے کہا کہ سرحد پار کے چند سو کلومیٹر کے خطے میں آج بھی مار دھاڑ، جنت و دوزخ کے جعلی سرٹیفکیٹس اور بکاؤ فتووں کی منڈی لگی ہے جس نے خطے کو تباہی سے دوچار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : گزشتہ آئینی ترمیم کے سب سے بڑے بینیفشری صدر آصف زرداری تھے، انہیں تاحیات استثنیٰ ملا، وزیر دفاع خواجہ آصف
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پر مسلط دہشت گردی کوئی مقامی شرارت نہیں بلکہ عالمی سازش اور بھارتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا ہے۔
مولانا طیب قریشی نے خیبر پختونخوا اور قبائلی اضلاع کے عوام، علما اور مدارس سے وابستہ افراد کو للکارتے ہوئے کہا کہ انہیں جاگنا ہوگا کہ دہشت گرد آخر مساجد و مدارس کا نام اور تقدس کیوں ڈھال بناتے ہیں۔
ان کے بقول مساجد میں بارود جمع کیا جاتا ہے اور سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر کے پھر جوابی کارروائی پر تقدس پامال ہونے کا جھوٹا شور مچا کر بدگمانی پھیلائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں اب تبدیلی آ رہی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز دہشت گردی کے خلاف ایک پیج پر آ کر زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنا چکے ہیں۔
مشیر مذہبی امور نے سوال اٹھایا کہ کیا کسی ایک شخص یا مٹھی بھر گروہ کو یہ کھلی چھوٹ دی جا سکتی ہے کہ وہ پگڑی پہن کر فوج کے خلاف بغاوت، بم دھماکوں اور جمعہ کے اجتماعات کو نشانہ بنانے کا زہر اگلے، جبکہ مستند اہلِ فتاویٰ اور مدارس کے اکابرین نے “پیغامِ پاکستان” جیسا متفقہ بیانیہ مرتب کیا ہے۔





