اسلام آباد: میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرائے گئے اثاثہ جات کے حلف ناموں اور چھ سالہ ٹیکس گوشواروں کے جائزے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے، سابق وفاقی وزیرِ مواصلات اسد محمود کے ظاہر کردہ مالی ریکارڈ اور ان کے عملی طرزِ زندگی کے درمیان نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔
رپورٹس میں یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ سرکاری کاغذات میں ذاتی سواری اور رہائشی اخراجات صفر ظاہر کیے جانے کے باوجود اسلام آباد کے پوش سیکٹرز میں مبینہ طور پر اربوں روپے مالیت کی جائیدادوں کے استعمال اور شاہانہ سفری انتظامات کے اخراجات کون برداشت کر رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن اور اسد محمود نے اپنے دستخط شدہ فارم بی میں گاڑیوں کے مخصوص خانے میں محض لکیریں کھینچ کر یہ حلفیہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے اپنے نام، ان کی بیگمات یا زیرِ کفالت بچوں کے نام پر کوئی کار، جیپ یا موٹر سائیکل تک رجسٹرڈ نہیں ہے۔
تاہم عوامی اجتماعات اور وفاقی دارالحکومت میں نقل و حرکت کے دوران ان کے قافلوں میں قیمتی وی ایٹ اور بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال عام مشاہدے میں آتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور ہائی کورٹ بار کنونشن میں فضل الرحمان مدعو ہی نہیں تھے، فرنٹ مین امان اللہ کی غنڈہ گردی پر شہریوں نے تحفظ کے لیے پولیس بلائی، علمائے کرام کی پریس کانفرنس
دستاویزات کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے چھ سالہ ٹیکس ریکارڈ اور اثاثہ جات کی تفصیلات میں اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور میں واقع مکان نمبر سات اور تقریباً دو ارب روپے مالیت کے چار کنال پر محیط مکان نمبر گیارہ کی ملکیت کا کوئی اندراج موجود نہیں ہے۔
اس کے علاوہ ٹیکس گوشواروں میں نہ تو کسی ہاؤس لون کا ذکر ہے اور نہ ہی کسی مالک مکان کو کرایہ ادا کرنے کی کوئی رسید یا اندراج دکھایا گیا ہے۔
سیاسی و عوامی حلقوں میں اس امر پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ جب کاغذات میں ایک موٹر سائیکل تک کی ملکیت اور رہائشی کرائے کا اندراج ظاہر نہیں کیا گیا تو ان قیمتی گاڑیوں کی ملکیت، ایندھن، دیکھ بھال اور مہنگی رہائش گاہوں کے اخراجات کے ذرائع کیا ہیں، اور کیا ان مالی معاملات کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔





