اسلام آباد: وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے اہم تقرر و تبادلے کر دیے گئے ہیں، جبکہ بعض افسران کو عہدوں سے ہٹا کر او ایس ڈی اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان تمام احکامات کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ گروپ کے گریڈ 21 کے سینئر افسر رانا منظور احمد کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے، جبکہ جوائنٹ سیکریٹری داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن شہزاد حمید درانی کو بھی عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ان کی جگہ تقرری کے منتظر ساجد منظور اسدی کو جوائنٹ سیکریٹری وزارت داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول تعینات کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری بحری امور ڈویژن عمر ظفر شیخ کی تعیناتی کی مدت میں 22 جولائی 2027ء کو ان کی ریٹائرمنٹ تک توسیع کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گزشتہ آئینی ترمیم کے سب سے بڑے بینیفشری صدر آصف زرداری تھے، انہیں تاحیات استثنیٰ ملا، وزیر دفاع خواجہ آصف
دوسری جانب تقرری کے منتظر گریڈ 21 کے افسر سعید رمضان اور گریڈ 20 کے شان الحق کو پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی میں تعینات کیا گیا ہے۔
پولیس سروس کے افسران کے حوالے سے جاری احکامات میں فیڈرل کانسٹیبلری میں تعینات گریڈ 17 کے افسران محمد سعد بن عبید اور نازش شہزادی کو تبدیل کر کے اسلام آباد پولیس کے سپرد کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس سروس کے گریڈ 18 کے افسران محمد علی اور فرح عنبرین کا سندھ سے بلوچستان حکومت کیا گیا تبادلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں پی ٹی ڈی سی میں ڈیپوٹیشن پر تعینات انفارمیشن گروپ کی گریڈ 18 کی افسر سعدیہ نعمان کی ڈیپوٹیشن ختم کر کے ان کی خدمات واپس وزارت اطلاعات و نشریات کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
محکمۂ صحت بلوچستان کی ڈاکٹر عائشہ سمیع اور محکمۂ صحت آزاد کشمیر کی ڈاکٹر صائمہ نقیب کو پولی کلینک ہسپتال اسلام آباد میں تعینات کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔





