لاہور: لاہور پریس کلب میں علمائے کرام نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے دورہ لاہور، اثاثوں اور پارک ویو سوسائٹی میں جائیداد کے تنازع سے متعلق سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے علمائے کرام نے مؤقف اختیار کیا کہ لاہور ہائی کورٹ بار کے آل پارٹیز کنونشن میں مولانا فضل الرحمان کو سرے سے مدعو ہی نہیں کیا گیا تھا، تاہم جے یو آئی (ف) کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے کنونشن میں ان کی شرکت کا تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
علمائے کرام نے الزام عائد کیا کہ دورے کا اصل مقصد سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ پارک ویو سوسائٹی میں جائیداد کے تنازع سے جڑا معاملہ تھا۔
ان کے مطابق فضل الرحمان کے فرنٹ مین امان اللہ مسلح افراد کے ہمراہ سوسائٹی میں غنڈہ گردی میں ملوث رہے، جس پر سوسائٹی کے رہائشیوں نے پولیس کو طلب کیا اور متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے درخواستیں دائر کیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہر حکومت میں حصہ داری لینے والے فضل الرحمان کو مفادات نہ ملنے پر تحریک یاد آ گئی، بار کا پلیٹ فارم ذاتی سیاست کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے، صدر ڈسٹرکٹ بار سرگودھا ملک رمیض فروکہ
پریس کانفرنس میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ فضل الرحمان کی پارک ویو سوسائٹی میں چار رہائش گاہیں اور دو پلاٹس موجود ہیں، جن کے ذرائع آمدن اور ملکیت کے حوالے سے قوم کے سامنے وضاحت پیش کی جانی چاہیے۔
علمائے کرام کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) نے جائیداد کے اس نجی تنازع پر پولیس کارروائی کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی اور یہ تاثر پھیلایا گیا کہ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کو کنونشن میں شرکت سے روکنے کے لیے گھیراؤ کیا تھا۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے اثاثوں، جائیدادوں کے ذرائع اور قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ماضی میں جاری ہونے والے نوٹسز سے متعلق اٹھنے والے سوالات کے واضح جوابات سامنے لائے جائیں۔





