اسکول ٹیچر، قصائی، دکاندار اور عینک مرمت کرنے والے سے ارب پتی بننے تک، پی ٹی آئی کے 83 رہنماؤں کے اثاثوں کے احتساب کا مطالبہ، شہری

پشاور: خیبر پختونخوا عوام اورسوشل میڈیا میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد رہنماؤں کے ماضی کے پیشوں اور اقتدار میں آنے کے بعد ان کے اثاثوں میں غیر معمولی اضافے کے حوالے سے ایک تفصیلی بحث جاری ہے۔

 زیرِ گردش رپورٹس اور پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صوبے میں عام پس منظر رکھنے والے درجنوں افراد اسمبلیوں میں پہنچنے کے بعد اربوں روپے کے اثاثوں کے مالک بن گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان تحریروں اور مباحث میں درج ذیل رہنماؤں کے حوالے سے مخصوص دعوے سامنے لائے گئے ہیں:

اسد قیصر

 زیرِ گردش دعوؤں کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر 2013ء تک صوابی میں ایک نجی اسکول چلاتے اور خود تدریس کرتے تھے، تاہم منتخب ہونے کے بعد گزشتہ دہائی میں ان کے اثاثوں میں کئی سو گنا اضافہ ہوا۔

 ان پوسٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کاغذات میں 8 کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کرنے والے اسد قیصر کے پاس بنی گالا میں 35 کنال کی رہائش گاہ، لندن میں جائیداد و کاروبار اور اسلام آباد میں تعلیمی ادارے کے لیے 40 کروڑ روپے کا پلاٹ موجود ہے، جبکہ ان کے بھائی ایف نائن پارک میں باؤلنگ کلب کے مالک بتائے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : حلف ناموں میں کوئی گاڑی ظاہر نہیں مگر قافلوں میں بلٹ پروف وی ایٹ گاڑیاں شامل، جبکہ چھ سالہ ٹیکس گوشواروں میں نہ کرائے کا اندراج ہے اور نہ جائیداد کی ملکیت

فضل حکیم

سوات سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر فضل حکیم کے بارے میں سوشل میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ 2013ء میں ایم پی اے بننے سے قبل مینگورہ میں گوشت کی دکان چلاتے تھے، لیکن دو ادوار میں رکنِ اسمبلی اور وزیرِ جنگلات و فشریز رہنے کے بعد ان کے اثاثے اربوں روپے تک پہنچ گئے۔

 دعوؤں کے مطابق انہوں نے والیِ سوات کی تاریخی رہائش گاہ، ایک بیوریج فیکٹری اور تین ریسٹورنٹس خریدے، اور حالیہ انتخابات میں 5 ارب روپے کے اثاثے ظاہر کیے، جس کے باعث مقامی سطح پر انہیں “فضل حکیم امبانی” کہا جاتا ہے۔

افتخار علی مشوانی

 مردان کے علاقے تخت بھائی سے تین بار منتخب ہونے والے سابق ایم پی اے افتخار علی مشوانی کے حوالے سے ان تحریروں میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ ماضی میں ترکھان کا کام کرتے تھے، تاہم ضلعی ترقیاتی کاموں کی نگرانی کے دوران 10 فیصد کمیشن کے الزامات کی زد میں رہے۔ مباحث کے مطابق وہ اس وقت مختار اسٹیل مل، رنگ روڈ پر 80 جریب اراضی اور الزبتھ نرسنگ کالج کے مالک ہیں۔

امجد علی

سوات سے تعلق رکھنے والے سابق وزیرِ معدنیات و ہاؤسنگ امجد علی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ سیاست میں آنے سے قبل پنساری کی دکان چلاتے تھے اور بطور حکیم کام کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور ہائی کورٹ بار کنونشن میں فضل الرحمان مدعو ہی نہیں تھے، فرنٹ مین امان اللہ کی غنڈہ گردی پر شہریوں نے تحفظ کے لیے پولیس بلائی، علمائے کرام کی پریس کانفرنس

زیرِ گردش الزامات کے مطابق وزیرِ معدنیات کے عہدے پر رہتے ہوئے انہوں نے خود اور پارٹی قیادت کے قریبی افراد کو بڑی تعداد میں مائننگ لائسنس جاری کیے، 13 برسوں میں 48 غیر ملکی دورے کیے اور اپنے خاندان کے 31 افراد کے نام پر اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں جن کی تحقیقات نیب میں بھی زیرِ بحث رہیں۔

گل ظفر

باجوڑ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن اسمبلی گل ظفر کے بارے میں سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ ماضی میں ایک چائے کے ڈھابے پر ملازمت کرتے تھے، مگر رکنِ اسمبلی بننے کے بعد نہ صرف باجوڑ میں محل نما گھر تعمیر کیا بلکہ سعودی عرب میں 6 ہوٹلوں کے مالک بھی بن گئے، جہاں مبینہ طور پر ان کے ساتھ 24 لاکھ ریال (تقریباً 18 کروڑ روپے) کا مالی فراڈ بھی ہوا۔

عارف احمد زئی

 شبقدر سے تعلق رکھنے والے وزیرِ معدنیات کے سابق معاونِ خصوصی عارف احمد زئی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ ماضی میں عینکیں مرمت کرنے کی ایک چھوٹی دکان چلاتے تھے، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ارب پتی بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں : پگڑی اوڑھ کر فوج کے خلاف زہر اگلنے کی چھوٹ نہیں ملے گی، پیغامِ پاکستان ہی اصل بیانیہ ہے، مولانا طیب قریشی

 پوسٹس میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ آسٹریلیا میں مقیم ان کے بھانجے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلاتے ہیں۔

ان تحریروں میں مجموعی طور پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے ایسے تقریباً 83 رہنما موجود ہیں جن کی دولت میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جبکہ احتساب کے لیے بنائی گئی اندرونی کمیٹی نے بھی انہیں کلین چٹ دے دی۔

 اس کے برعکس کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن اسمبلی ہمایوں چاچا کی مثال دی گئی ہے کہ پیشے کے لحاظ سے درزی ہونے کے باعث وہ اقتدار کے بعد بھی مالی فوائد حاصل نہ کر سکے اور انہیں دوبارہ پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا۔

Scroll to Top