پشاور: خیبر پختونخوا کے پانچ مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری ’آپریشن 11 گرج‘ کے دوران ڈی ایس پی عمران کی شہادت میں ملوث انتہائی مطلوب خارجی شعیب عرف سیف الاسلام اور کمانڈر گل عرف سرسترگے سمیت 16 خوارج ہلاک کر دیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 24 نومبر کو انجام دیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں باڑہ، اورکزئی، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ضلع کرک میں فتنہ الخوارج کے خلاف ایک حساس اور مربوط کارروائی عمل میں لائی گئی، جس میں ہلاک ہونے والا خارجی شعیب عرف سیف الاسلام کرک میں ڈی ایس پی عمران کی شہادت کے واقعے میں براہِ راست ملوث اور مرکزی ذمہ دار تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس ادارے گزشتہ کئی ہفتوں سے شعیب عرف سیف الاسلام کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ 24 نومبر کو مصدقہ اطلاعات پر اس کے ٹھکانے کا گھیراؤ کیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا۔
پانچ اضلاع میں کارروائیاں اور اہم کمانڈروں کا خاتمہ
’آپریشن 11 گرج‘ کے اعداد و شمار کے مطابق باڑہ، اورکزئی، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 16 خوارج ہلاک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : اسکول ٹیچر، قصائی، دکاندار اور عینک مرمت کرنے والے سے ارب پتی بننے تک، پی ٹی آئی کے 83 رہنماؤں کے اثاثوں کے احتساب کا مطالبہ، شہری
ہلاک ہونے والوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ شعیب عرف سیف الاسلام کے علاوہ دہشت گرد کمانڈر گل عرف سرسترگے بھی شامل ہے، جس کی ہلاکت کو نیٹ ورک کے لیے اہم ضرب قرار دیا جا رہا ہے۔
انسداد دہشت گردی مہم اور سیکیورٹی حکام کا عزم
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں خیبر پختونخوا کے جنوبی اور قبائلی اضلاع میں سیکیورٹی اہلکاروں اور پولیس افسران کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ تیز کیا گیا ہے۔
پانچ اضلاع میں بیک وقت 16 خوارج اور دو اہم کمانڈروں کی ہلاکت سے دہشت گرد نیٹ ورکس کی نقل و حرکت اور رابطہ کاری متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ آخری خارجی کے خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گے۔





