زمین کی حدود پار، پاک چین لازوال دوستی خلا میں پہنچ گئی، پہلے پاکستانی خلا باز کے تاریخی مشن پر فیلڈ مارشل و عسکری قیادت کی سپارکو اور قوم کو مبارکباد

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور جنرل سید عامر رضا سمیت مسلح افواج کی عسکری قیادت نے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے تاریخی آغاز پر قوم، سپارکو اور سائنسی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے خلا باز اور چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ کا سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں، جو ملک کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں ایک سنگِ میل اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔

عسکری قیادت نے اس تاریخی قومی کامیابی کو ممکن بنانے پر سپارکو کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ٹیموں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتھک محنت کو سراہا۔

مسلح افواج نے اس اہم سنگِ میل کے حصول میں تعاون اور معاونت پر عوامی جمہوریہ چین کی قیادت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین لازوال دوستی آج زمین کی حدود سے نکل کر خلا کی بلندیوں تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک چین لازوال دوستی کا تاریخی لمحہ : سانسیں تھم گئیں، الٹی گنتی شروع، پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی ساتھیوں سمیت خلائی مشن پر اڑان کے لیے مکمل تیار!

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ انسانی خلائی سفر میں پاکستان کی شمولیت ملکی سائنسی صلاحیتوں اور تکنیکی مہارت کا مظہر ہے، جو آئندہ نسلوں کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔

 مسلح افواج نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے مشن کی کامیابی اور زمین پر محفوظ واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔

Scroll to Top