سینئر صحافی حسن خان نے کوہاٹ پولیس میں محکمانہ کارروائی کے خلاف چند اہلکاروں کے احتجاج اور سڑکیں بند کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس ایک منظم اور قانون کی پابند فورس ہے جس میں محکمانہ نظم و ضبط برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیوٹی سے غفلت اور دیگر شکایات کے باعث کوہاٹ پولیس کے بعض اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کئی اہلکاروں کو معطل اور بعض کے تبادلے کیے گئے۔
حسن خان کے مطابق متاثرہ اہلکاروں نے قانونی اور محکمانہ راستہ اختیار کرنے یا چین آف کمانڈ پر عمل کرنے کے بجائے احتجاج شروع کیا اور راستے بند کر دیے۔
حسن خان نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق بنوں، کرک اور لکی مروت سے بھی لوگ مظاہرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے کم وسائل کے باوجود دہشت گردی کے خلاف جرات مندی سے لڑائی لڑی اور عظیم قربانیاں دیں، تاہم چند اہلکاروں کا غیر ذمہ دارانہ رویہ پوری فورس کی بدنامی اور ساکھ کے نقصان کا سبب بن رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی
سینئر صحافی نے زور دیا کہ پولیس کا کام صرف قانون کا نفاذ نہیں بلکہ خود بھی ضابطوں اور نظم و ضبط کی پاسداری کرنا ہے، اور محکمانہ کارروائی کے خلاف سڑکیں بند کرنا یا احتجاج کرنا کسی نظم و ضبط والی فورس کے لیے مناسب نہیں ہے۔





