پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے: گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت اجلاس میں انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اہم فیصلہ !

نئی نسل کو معذوری سے بچانے اور ملک سے پولیو کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کے قومی مشن کے تحت ریاستِ پاکستان اور آئینی مناصب پوری قوت کے ساتھ متحرک ہیں۔ 

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پشاور میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں 12 دسمبر سے صوبہ بھر میں شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے پولیو کے خاتمے کو ایک اہم قومی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس مرض کے مکمل خاتمے تک تمام ریاستی ادارے، سیکیورٹی فورسز اور اسٹیک ہولڈرز مشترکہ اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکومت اور ریاست کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی ذمہ داری ہے جس کی تکمیل کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ اور مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔

اجلاس میں مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، سیکرٹری صحت مطیع اللہ، وزیراعظم کی پولیو کے خاتمے سے متعلق فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق، نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) برائے انسدادِ پولیو کے موجودہ نیشنل کوآرڈینیٹر کیپٹن (ر) محمد انوار الحق اور کوآرڈینیٹر پولیو خیبرپختونخوا سارہ رحمان نے شرکت کی۔

اجلاس کے تمام شرکاء نے صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کی خصوصی دلچسپی اور مسلسل تعاون کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

اجلاس کے دوران 12 دسمبر سے صوبہ بھر میں شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ حکام نے گورنر کو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم کے حوالے سے جامع بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے دوران خصوصی ٹیمیں ہر گھر کا دورہ کریں گی تاکہ صوبے کا کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا میں پولیو کی موجودہ صورتحال، بالخصوص بنوں، خیبر اور پشاور کے اضلاع میں پولیو وائرس کی منتقلی کے رپورٹ ہونے والے کیسز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ حال ہی میں ضلع کرک میں بھی پولیو کا ایک نیا کیس سامنے آیا ہے جو اس امر کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتا ہے کہ ویکسینیشن کی کوششوں کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے اور اس قومی مقصد کے حصول کے لیے والدین، علاقائی عمائدین اور علماء کرام پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایئرپورٹس پر بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر خیبرپختونخوا اور طلال چوہدری کی ون آن ون ملاقات ،صوبے میں امن وامان کے حوالے سے گفتگو!

گورنر خیبرپختونخوا نے انسدادِ پولیو مہم کے دوران فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کی عظیم قربانیاں دینے والے پولیو ورکرز اور سیکیورٹی فراہم کرنے والے پولیس اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیو اب بھی عالمی سطح پر صحتِ عامہ کا ایک بڑا چیلنج ہے اور پاکستان کو اس وقت تک اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھنی چاہئیں جب تک اس مرض کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

Scroll to Top