ریاستِ پاکستان کی مستحکم پالیسیوں، پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیوں سے قائم مثالی امن و امان اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے ریاستی اداروں کی بے مثال کاوشوں کی بدولت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ایک بار پھر عالمِ اسلام کی روحانی، علمی اور ثقافتی سرگرمیوں کا عالمی مرکز بن گیا ہے۔
اسلام آباد میں 24 سے 26 نومبر 2026 تک جاری دوسرے بین الاقوامی قرأت مقابلے کی پرنور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ قرآن کریم پوری انسانیت کے لیے ہدایت، امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام ہے، جبکہ قرآن پاک کی تعلیمات اور فنِ قرأت کا فروغ ہماری دینی اور قومی ذمہ داری ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ دوسرے بین الاقوامی قرأت مقابلے کی باوقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اس نوعیت کے عظیم الشان مقابلوں کا انعقاد ایک نہایت قابلِ تحسین اقدام ہےجس سے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز قراء کو اپنی خداداد صلاحیتوں کے اظہار اور ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرنے کا سنہری موقع میسر آتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ نوجوان نسل کو قرآن کریم کی تلاوت، حفظ اور درست تلفظ کی جانب راغب کرنا موجودہ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق ایسے باوقار بین الاقوامی مقابلے اسلامی ممالک کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور روحانی روابط کو مزید مستحکم اور پائیدار بنانے میں انتہائی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس بین الاقوامی قرأت مقابلے کے کامیاب اور شاندار انعقاد پر وزارتِ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی کاوشوں کو زبردست الفاظ میں سراہا اور پاکستان میں دنیا کے مختلف ممالک سے ممتاز قراء کی آمد و شرکت کو انتہائی خوش آئند قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : نیپال حکومت کا بڑا فیصلہ،اگست کے تباہ کن سیلاب میں لاپتا 213 بھارتی شہری مردہ قرار!
واضح رہے کہ دوسرے بین الاقوامی قرأت مقابلے کا انعقاد اسلام آباد میں 24 سے 26 نومبر 2026 تک کیا جا رہا ہے جس میں دنیا کے 32 ممالک کے نامور قراء شریک ہو کر قرآن پاک کی تلاوت کے روح پرور مظاہرے پیش کر رہے ہیں۔
اس باوقار تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف بھی شریک ہیں جبکہ مقابلے کی شفافیت اور عالمی معیار کو یقینی بنانے کے لیے مصر، ایران اور پاکستان کے ممتاز قراء بطور ججز اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔





