مشیر مذہبی و اقلیتی امور مولانا طیب قریشی کی زیر صدارت اجلاس ،فلیگ شپ منصوبوں کے مستحقین کی اسکرونٹی کا حکم !

ریاستی وسائل کی منصفانہ تقسیم، شفافیت اور فلاحی منصوبوں میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کے عزم کے تحت مشیر زکوٰۃ و عشر، اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور مولانا طیب قریشی کی زیر صدارت محکمہ زکوٰۃ و عشر کے فلیگ شپ منصوبوں کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ 

اجلاس میں مشیر زکوٰۃ و عشر نے احساس امید پروگرام، روشن مستقبل پروگرام اور سہارا کارڈ کے مستحقین کی ازسرنو اسکرونٹی کرنے کی واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ زکوٰۃ کی تقسیم بلا تفریق اور سیاست سے بالاتر ہو کر کی جائے گی اور کسی بھی حقیقی مستحق کی حق تلفی ہرگز نہیں ہونے دی جائے گی۔

مشیر زکوٰۃ و عشر، اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور مولانا طیب قریشی کی زیر صدارت محکمہ زکوٰۃ و عشر کے فلیگ شپ منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں سیکرٹری سماجی بہبود، زکوٰۃ و عشر معتصم باللہ شاہ اور ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ مبشر رضا سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران محکمہ زکوٰۃ و عشر کے فلیگ شپ اور ریگولر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر مشیر زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی نے احساس امید پروگرام، روشن مستقبل پروگرام اور سہارا کارڈ کے مستحقین کی ازسرنو اسکرونٹی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترجیحی منصوبوں میں صحیح حقدار کے انتخاب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مستحقین کے انتخاب اور امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل میں موجود خامیوں کا ازالہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے عملی طور پر واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔

مولانا طیب قریشی نے کہا کہ زکوٰۃایک امانت ہے اور اس کی تقسیم میں کسی بھی مستحق کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ زکوٰۃکی تقسیم بلا تفریق اور سیاست سے بالاتر ہو کر کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امدادی رقوم حقیقی اور مستحق افراد تک پہنچیں۔

اجلاس میں محکمہ زکوٰۃو عشر کے مختلف فلیگ شپ منصوبوں بالخصوص روشن مستقبل کارڈ، سہارا کارڈ اور احساس امید کارڈ کے تحت مستحقین کو فراہم کی جانے والی رقوم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

علاوہ ازیں اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ زکوٰۃو عشر کی جانب سے ریگولر منصوبوں کے تحت جہیز فنڈ، تعلیمی وظائف اور صحت کے شعبوں میں بھی مستحق افراد کو زکوٰۃکی رقوم فراہم کی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مصر کے شہر جیزہ میں پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی الٹنے سے 31افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے!

اجلاس میں ان منصوبوں کی مجموعی پیش رفت، مستحقین کے انتخاب کے طریقہ کار اور رقوم کی بروقت ادائیگی سمیت مختلف انتظامی امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر مشیر زکوٰۃو عشر مولانا طیب قریشی نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں شفافیت، میرٹ اور حقیقی مستحقین تک رسائی کو بنیادی ترجیح بنایا جائے تاکہ زکوٰۃکے وسائل زیادہ مؤثر انداز میں مستحق اور نادار افراد کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو سکیں۔

Scroll to Top