نام نہادبنوں پولیس امن کمیٹی کے شرپسند جتھے کی ایک اور دہشت گردانہ کارروائی منظر عام پر آگئی: نوجوان گاڑی سمیت اغوا،والد کی بازیابی کے لیے دہائیاں

بنوں کے علاقے جانی خیل میں نام نہاد پولیس امن کمیٹی کے شرپسند جتھے کی مبینہ غنڈہ گردی اور اغوا برائے تاوان یا جبری گمشدگی جیسی سنگین کارروائی کا ایک اور لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے جس پر متاثرہ خاندان کا دل دہلا دینے والا ویڈیو بیان منظرِ عام پر آگیا ہے۔ 

جانی خیل کے رہائشی شیر ولی خان نے سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد امن کمیٹی کے کارندوں نے دو ماہ قبل ان کے بے گناہ بیٹے صدر ولی خان کو جانی خیل اڈے سے زبردستی اٹھا لیا تھا، جس کے بعد سے ان کا بیٹا اور قیمتی گاڑی تاحال لاپتہ ہیں۔

متاثرہ والد شیر ولی خان نے ویڈیو بیان میں دہائی دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پچاس سے ساٹھ لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کر کے اپنے بیٹے کو باعزت روزگار کے لیے پک اپ ڈاٹسن گاڑی خرید کر دی تھی۔ صدر ولی خان جانی خیل اور بنوں کے درمیان مسافروں اور سامان کی نقل و حمل کے ذریعے محنت مزدوری کر کے اپنے خاندان کی کفالت کرتا تھا۔

مغوی نوجوان کے والد کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کا کسی جرم یا غیر قانونی سرگرمی سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں، وہ محض اپنے بچوں کی روزی روٹی کمانے روزانہ بنوں آتا جاتا تھا۔ 

انہوں نے شکوہ کیا کہ واقعے کو دو ماہ کا طویل عرصہ گزر چکا ہے لیکن نام نہاد امن کمیٹی کے جتھے کی جانب سے اٹھائے گئے ان کے بیٹے کا کوئی سراغ مل سکا اور نہ ہی سامان سے لدی گاڑی واپس کی گئی ہے۔

شیر ولی خان نے روتے ہوئے کہا کہ صدر ولی خان گھر کا واحد کفیل تھا اور اس کے چھوٹے چھوٹے معصوم بچے دن رات اپنے باپ کی یاد میں تڑپتے اور بلکتے رہتے ہیں، جبکہ کمانے والا واحد سہارا چھن جانے سے پورا خاندان شدید کرب اور فاقوں کی نوبت تک پہنچ چکا ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں : اثاثوں اور قبضوں سے توجہ ہٹانے کی ناکام چال، فضل الرحمان کی احتجاجی اپیل مسترد، شہری اپنی زندگی میں مست اور ہر راستہ کھلا

متاثرہ والد نے اعلیٰ حکام اور ریاستی اداروں سے فوری نوٹس لینے، مغوی بیٹے کی باحفاظت بازیابی، گاڑی کی واپسی اور اس غیر قانونی اقدام میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Scroll to Top