امن کے نام پر دہشت گرد کمیٹی کا سیاہ چہرہ بے نقاب، گولڈ مائن مافیا، بھتہ خوری، منشیات اور کسٹمز آفیسر کے قتل میں ملوث دہشت گرد ٹولے کے گرد گھیرا تنگ، صفایا شروع

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کی وردی کی آڑ میں گولڈ مائن مافیا کی سرپرستی، منشیات فروشی، بھتہ خوری اور کوہاٹ ٹول پلازہ پر کسٹمز آفیسر عبیداللہ کی شہادت میں ملی بھگت بے نقاب ہونے کے بعد احتساب سے بچنے کے لیے “امن کمیٹی” کے نام پر بغاوت برپا کرنے والے جرائم پیشہ اور معطل اہلکاروں کے گرد ریاستی اور محکمانہ گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق فورس کے اندر چھپی کالی بھیڑوں کی تطہیر کے لیے حتمی فیصلے کر لیے گئے ہیں اور امن کے نام پر سرگرم اس دہشت گرد کمیٹی کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

اعلیٰ سطحی سیکیورٹی و پولیس ذرائع کے مطابق بنوں اور لکی مروت امن کمیٹی کے لبادے میں ریاست کو بلیک میل کرنے والے اس باغی ٹولے کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ ہوا ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل خالد خان، کانسٹیبل حضرت علی، کانسٹیبل حیدر اور کانسٹیبل شاہ بختیار کی سرکردگی میں کام کرنے والے اس غیر قانونی گروہ کے تمام سرغنہ اور سہولت کاروں کی فہرستیں مرتب کر لی گئی ہیں۔

 ان اہلکاروں نے سابق آئی جی اختر حیات گنڈاپور کے ہاتھوں برطرفی کے بعد سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے دوبارہ بحالی کرائی اور محکمے کے اندر رشوت کے عوض تبادلوں اور تعیناتیوں کی بولیاں لگانے کا مافیا کھڑا کر رکھا تھا۔

تحقیقاتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کوہاٹ ٹول پلازہ ڈکیتی، جس میں فرض شناس کسٹمز آفیسر عبیداللہ شہید ہوئے تھے، کی ابتدائی تفتیش میں ڈاکوؤں کے ساتھ بعض پولیس اہلکاروں کی مجرمانہ غفلت اور ملی بھگت کے ٹھوس شواہد سامنے آئے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کو جدید اینٹی ڈرون نظام اور آلات کی فوری فراہمی شروع، تنخواہوں اور شہدا پیکیج میں اضافے پر جلد پیشرفت ہوگی، گورنر فیصل کریم کنڈی

موجودہ آئی جی خیبرپختونخوا نے جب ان اہلکاروں کو معطل کیا، تو انہوں نے احتساب کا سامنا کرنے کے بجائے سڑکیں بند کر کے اور ایس پی انویسٹی گیشن کو یرغمال بنا کر قانون کی راہ روکنے کی کوشش کی۔

محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلیک میلنگ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وردی پہن کر گولڈ مائن مافیا چلانے، منشیات فروشی، نان کسٹم گاڑیاں استعمال کرنے اور قتل میں ملوث عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

 ذرائع کے مطابق امن کے نام پر دہشت گرد کمیٹی کے روپ میں سرگرم اس ٹولے کے سرغنہ عناصر کی سرکاری تنخواہیں، اسلحہ اور سرکاری وسائل ضبط کرنے، مستقل برطرفی کے احکامات جاری کرنے اور دہشت گردی، اغوا، بغاوت اور قتل کے مقدمات میں سخت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

 عوامی و سماجی حلقوں اور شہداء کے ورثاء نے اس کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملوث عناصر کو عبرت کا نشان بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Scroll to Top