وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صنعتی زمینوں کے غلط استعمال کا نوٹس لے لیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صنعتوں کے قیام کے لیے الاٹ شدہ زمینوں کے دیگر مقاصد کے لیے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔

اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو مراسلہ بھیج دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں حکومت نے صنعتوں کے لیے زمینیں خرید کر الاٹ کیں، لیکن یہ بات وزیر اعلیٰ کے علم میں آئی ہے کہ بعض زمینیں یا تو خالی پڑی ہیں یا مبینہ طور پر کسی اور مقصد کے لیے استعمال ہو رہی ہیں، جو نہ صرف اصل منصوبے سے انحراف ہے بلکہ شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی بھی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کے لیے محکمہ صنعت، قانون اور بورڈ آف ریونیو کے حکام پر مشتمل ٹاسک فورس تشکیل دی جائے جو ان زمینوں کے حصول، ایوارڈ اور دیگر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر ایک جامع پلان پیش کرے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر مستعمل صنعتی زمینیں واپس سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ

صوبے بھر میں ان زمینوں کا مکمل آڈٹ کیا جائے اور ان کے کسی اور مقصد کے لیے استعمال کی واضح نشاندہی کی جائے۔ مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق ایسی تمام زمینوں کی قانونی حیثیت کا تعین کیا جائے اور غیر مجاز استعمال کے مسئلے کے قابل عمل اور قانونی حل تجویز کرنے کے لیے مقامی انتظامیہ، صنعتکاروں اور متاثرہ مالکان سے مشاورت کی جائے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر ضرورت پڑے تو دیگر مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی زمینوں کو واپس لینے، قانونی چارہ جوئی کرنے اور جرمانے عائد کرنے کے لیے بھی تجاویز پیش کی جائیں۔ جہاں ممکن ہو، ان زمینوں کو اصل مقصد یعنی صنعتوں کے قیام کے لیے بروئے کار لانے کے لیے ایک جامع پلان تیار کیا جائے۔

Scroll to Top