انسانی جانوں سے کھیلنے والے جعلی ادویات کے مافیا کے گرد شکنجہ کستے ہوئے حکومتِ پاکستان نے عوام کو براہِ راست تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایک انقلابی ڈیجیٹل قدم اٹھا لیا ہے جہاں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ’محفوظ دوا ایپ‘ باضابطہ طور پر متعارف کرا دی گئی ہے۔
تین اہم فیچرز پر مشتمل اس ایپلی کیشن کے ذریعے اب ہر شہری دوا خریدتے وقت اس کا بارکوڈ اسکین کر کے چند ہی سیکنڈز میں یہ جان سکے گا کہ دوا اصلی ہے یا جعلی جہاں مستند دوا ہونے کی صورت میں موبائل اسکرین سبز (گرین) اور تصدیق نہ ہونے کی صورت میں سرخ (ریڈ) ہو جائے گی۔
اسلام آباد میں ایپ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت اور دستیابی کی تمام معلومات اب ایک ہی ایپ پر میسر ہوں گی جبکہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا کہ 92 ہزار سے زائد ادویات کا ڈیٹا حکومت سے شیئر ہونے کے بعد اب کسی بھی غلط دوا کی صورت میں اس کی کمپنی، مشین اور مخصوص بیچ تک فوری پہنچا جا سکے گا۔
ملک بھر میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کے مکروہ دھندے کی روک تھام اور شہریوں کو مستند ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جدید فیچرز پر مشتمل ’محفوظ دوا ایپ‘ باضابطہ طور پر متعارف کرا دی گئی ہے جس میں عوامی سہولت اور نگرانی کے لیے 3 نہایت اہم فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق محفوظ دوا ایپ کے ذریعے صارفین کسی بھی دوا کے پیکٹ پر موجود بارکوڈ کو اسکین کر کے براہِ راست ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) اور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NTC) کے مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک ہو سکیں گے جس کے نتیجے میں محض چند سیکنڈ کے اندر دوا کے اصلی یا جعلی ہونے سے متعلق مکمل معلومات اسکرین پر آ جائیں گی۔
ایپ کے طریقہ کار کے مطابق مستند دوا کی تصدیق ہونے پر صارف کے موبائل کی اسکرین گرین (سبز) ہو جائے گی جبکہ تصدیق نہ ہونے یا مشکوک ہونے کی صورت میں اسکرین ریڈ (سرخ) ہو جائے گی، جس کے فوراً بعد صارف اسی ایپ کے ذریعے متعلقہ حکام کو اپنی شکایت بھی درج کرا سکے گا۔
اس کے علاوہ ایپ کے ڈیش بورڈ کے ذریعے جی پی ایس (GPS) لوکیشن کی مدد سے مختلف علاقوں میں ادویات کی دستیابی کے مقامات کی مؤثر نگرانی بھی کی جا سکے گی۔
اسلام آباد میں قومی صحت کی ’محفوظ دوا‘ ایپلی کیشن کے اجراء کی پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جعلی ادویات کی روک تھام اور شہریوں کو مستند دواؤں کی فراہمی کے لیے محفوظ دوا ایپ ایک انتہائی اہم اور سنگِ میل اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام کی بدولت دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت اور دستیابی کی معلومات ایک ہی ایپ پر دستیاب ہوں گی۔
وزیر اعظم نے محفوظ دوا ایپ کی کامیاب تیاری پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال وزیر آئی ٹی اور تمام متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ فارما انڈسٹری نے اس قومی منصوبے میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ دواؤں کی قیمتیں ایسی ہوں جو عام آدمی کی پہنچ میں ہوں۔
یہ بھی پڑھیں : پاک چین دوستی کا نیا مدار: پاکستان کا 2035 میں چاند پر اترنے کا ہدف ،احسن اقبال کا سنسنی خیز انکشاف!
اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل عوام میں یہ اعتبار ختم ہو گیا تھا کہ جو دوا وہ خرید رہے ہیں وہ اصلی ہے یا جعلی تاہم اب صورتحال یکسر بدل چکی ہے کیونکہ فارما انڈسٹری نے 92 ہزار سے زائد ادویات کا مکمل ڈیٹا حکومت کے ساتھ شیئر کر دیا ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ آج اگر کوئی دوا غلط نکل آئے تو جدید ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے ہم براہِ راست اس کمپنی، اس کی مشین اور متعلقہ بیچ (Batch) تک پہنچ سکتے ہیں۔





