خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں قانون شکنی اور جان لیوا شوق پورا کرنا ایک نوجوان کو اس کی زندگی کے سب سے خوشگوار دن ہی انتہائی مہنگا پڑ گیا جہاں اپنی ہی شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے پر پولیس نے فوری اور بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے دلہا کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے پابندِ سلاسل کر دیا۔
تھانہ ملز کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعے پر کوہاٹ پولیس نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے نہ صرف دلہا اور تقریب میں شریک متعدد افراد کو حراست میں لے لیا بلکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر کے واضح پیغام دے دیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور خوشی کے نام پر شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں اپنی شادی کی خوشی منانا دلہا کو اس وقت انتہائی مہنگا پڑ گیا جب تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے پر پولیس نے فوری چھاپہ مار کر اسے گرفتار کیا اور حوالات میں بند کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ کوہاٹ کے تھانہ ملز کی حدود میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے دوران قانون کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس نفری نے موقع پر پہنچ کر فوری کارروائی کی اور دلہا سمیت تقریب میں موجود متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر کے سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔
کوہاٹ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ گرفتار کیے جانے والے افراد میں خود دلہا بھی شامل ہے جسے قانون شکنی کے جرم میں پابندِ سلاسل کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر پولیس حکام نے شہریوں کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی بیاہ اور دیگر خوشی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کا خطرناک عمل کسی بھی وقت کسی بے گناہ شہری کی قیمتی جان لے سکتا ہے اس لیے شہری اس جان لیوا رجحان سے مکمل گریز کریں بصورت دیگر قانون شکن عناصر کے خلاف اسی طرح بلاامتیاز اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کوہاٹ کے باشعور شہریوں، سماجی رہنماؤں اور قانونی ماہرین نے ہوائی فائرنگ کرنے والے دلہا اور اس کے ساتھیوں کی فوری گرفتاری پر کوہاٹ پولیس کے بروقت اور بلاامتیاز اقدام کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت کا بھیانک چہرہ بے نقاب:خواتین غیر محفوظ: محض شبہے پر نہتی بچی بے رحمی سے قتل!
سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کے باعث ماضی میں متعدد گھرانوں کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو چکی ہیں لہٰذا دلہا کو پابندِ سلاسل کر کے پولیس نے معاشرے میں قانون کی بالادستی کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو مزید سختی سے جاری رکھا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔





