ایم بی بی ایس کے لیے 21 اور بی ڈی ایس کے لیے 2 نشستیں مخصوص، درخواستیں جمع کرانے کا آغاز ہوگیا، آخری تاریخ 5 جنوری 2027 مقرر ہے۔
بنگلہ دیش کی حکومت نے تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے پاکستانی طلبہ کو سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے 23 اسکالرشپ نشستیں دینے کا اعلان کردیا ہے۔
بنگلہ دیش کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیکل ایجوکیشن (ڈی جی ایم ای) کی جانب سے 25 نومبر کو جاری کردہ داخلہ سرکلر کے مطابق پاکستان کے لیے ایم بی بی ایس کی 21 اور بی ڈی ایس کی 2 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ یہ اسکالرشپس سارک ممالک کے طلبہ کے لیے مختص پروگرام کے تحت دی جائیں گی۔
داخلوں کے لیے آن لائن درخواستوں کا آغاز 25 نومبر 2026 سے ہوچکا ہے، جبکہ امیدوار 5 جنوری 2027 تک بنگلہ دیش کے سرکاری ڈی جی ایم ای فارن اسٹوڈنٹ پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔
بنگلہ دیش نے مجموعی طور پر غیر ملکی طلبہ کے لیے 219 نشستوں کا اعلان کیا ہے، جن میں سارک ممالک کے لیے 120 اسکالرشپ اور غیر سارک ممالک کے طلبہ کے لیے 99 سیلف فنانس نشستیں شامل ہیں۔
اسکالرشپ کے تحت منتخب ہونے والے سارک طلبہ کو سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں بنگلہ دیشی طلبہ کے مساوی فیس ادا کرنا ہوگی۔
پاکستانی امیدواروں کے لیے ایف ایس سی پری میڈیکل یا اے لیول سمیت مقررہ تعلیمی قابلیت اور مضامین کی شرائط پوری کرنا لازمی ہوگا۔ درخواست گزاروں کو تعلیمی اسناد، ٹرانسکرپٹس اور دیگر مطلوبہ دستاویزات بھی جمع کرانا ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی کرنسی تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی
حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ درخواست دینے سے قبل تعلیمی نمبروں، گریڈز، اسناد کی مساوات اور دستاویزات کی تصدیق سے متعلق تمام شرائط کا جائزہ لیں۔





