روزمرہ زندگی میں ادھورے کاموں کی بھرمار انسانی دماغ کو ذہنی تھکن اور دباؤ میں مبتلا کرسکتی ہے۔ ماہرین نفسیات کے مطابق نامکمل کام مسلسل ذہن میں گردش کرتے رہتے ہیں، جس کے باعث انسان کام ختم ہونے کے بعد بھی ذہنی طور پر فارغ نہیں ہوپاتا۔
اس کیفیت کو نفسیات میں ’زیگارنک ایفیکٹ‘ (Zeigarnik Effect) کہا جاتا ہے۔ روسی ماہر نفسیات بلومہ زیگارنک نے 1927 میں تحقیق کے ذریعے بتایا تھا کہ انسان مکمل ہونے والے کاموں کے مقابلے میں ادھورے چھوڑے گئے کام زیادہ یاد رکھتا ہے۔
جرمنی کی یونیورسٹی آف اپلائیڈ سائنسز کی پروفیسر کرسٹین سائریک اور ان کے ساتھیوں کی تحقیق کے مطابق نامکمل کام ہفتے کے اختتام پر ذہنی دباؤ، نیند میں خلل اور دفتری معاملات کے بارے میں مسلسل سوچنے کا سبب بن سکتے ہیں۔
ماہرین نے ذہنی تھکن سے بچنے کے لیے پانچ آسان اقدامات تجویز کیے ہیں۔
پہلا، روزانہ کے کاموں کی ترجیحات طے کرکے انہیں مکمل کرنے کے لیے وقت مقرر کریں۔ دوسرا، دفتری اوقات کے بعد موبائل اور ای میل کی غیر ضروری اطلاعات بند کردیں۔ تیسرا، بیک وقت کئی منصوبوں پر کام کرنے کے بجائے ایک کام مکمل کرکے دوسرے کی طرف بڑھیں۔
چوتھا، تعطیلات سے پہلے نامکمل کاموں کی واضح منصوبہ بندی کریں تاکہ واپسی پر انہیں آسانی سے شروع کیا جاسکے۔ پانچواں، دفتر یا گھر میں کام ختم ہونے کے بعد چہل قدمی، جگہ کی تبدیلی یا لیپ ٹاپ بند کرنے جیسا معمول اپنائیں تاکہ دماغ کو کام ختم ہونے کا احساس ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں:
ماہرین کے مطابق ہر کام فوری مکمل کرنا ضروری نہیں، بلکہ بہتر منصوبہ بندی اور کام سے ذہنی فاصلہ قائم کرنا ذہنی سکون، بہتر نیند اور روزمرہ کارکردگی میں بہتری لانے میں مدد دے سکتا ہے۔





