ایک کیچ، دنیا بھر میں دھوم، سوات کے مہران خان کے چرچے، عالمی میڈیا کی زینت بن گئے

پاکستانی نوجوان کی غیر معمولی فیلڈنگ نے عالمی میڈیا اور شوبز شخصیات کی توجہ حاصل کرلی، آسٹریلوی سابق فاسٹ بولر بریٹ لی، ہالی وڈ اداکار ہیو جیک مین اور برطانوی صحافی پیئرز مورگن بھی کیچ کے معترف ہوگئے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے نوجوان مہران خان کا ایک غیر معمولی کیچ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا، ان کی شاندار فیلڈنگ کی ویڈیو نے بین الاقوامی میڈیا اور معروف شخصیات کو بھی متاثر کردیا۔

مہران خان کے اس حیران کن کیچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جس کے بعد دنیا بھر سے ان کی مہارت کو سراہا جانے لگا۔ آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر بریٹ لی نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسے ناقابلِ یقین کیچ قرار دیا۔

ہالی وڈ کے معروف اداکار ہیو جیک مین نے بھی مہران کی مہارت کو ’’ایمییزنگ‘‘ قرار دے کر سراہا، جبکہ برطانوی صحافی اور ٹی وی میزبان پیئرز مورگن نے بھی اس غیر معمولی کارکردگی پر ردعمل کا اظہار کیا۔

بین الاقوامی میڈیا نے بھی اس واقعے کو نمایاں کوریج دی۔ بی بی سی کے پروگرام ٹیسٹ میچ اسپیشل نے کیچ کی ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ مہران خان سے گفتگو بھی کی، جبکہ برطانوی اخبار دی گارڈین نے بھی اس واقعے کو اپنی کوریج کا حصہ بنایا۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مہران خان کا خصوصی انٹرویو شائع کیا، جسے عرب نیوز، گلف نیوز، دی اسٹریٹس ٹائمز اور تائی پے ٹائمز سمیت متعدد بین الاقوامی میڈیا اداروں نے بھی شائع کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی پی ایل 2027 میں بڑا یوٹرن: ممبئی انڈینز کا تہلکہ خیز فیصلہ ،کرکٹ شائقین حیران رہ گئے!

سوات کے ایک نوجوان کی غیر معمولی فیلڈنگ نے ثابت کردیا کہ کھیل کے میدان میں صلاحیتوں کو سرحدوں میں محدود نہیں کیا جاسکتا۔ ایک یادگار کیچ نے مہران خان کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے ساتھ پاکستان کا نام بھی بین الاقوامی میڈیا میں نمایاں کردیا۔

Scroll to Top